سندھ ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کے بیٹوں اور مبینہ فرنٹ مین کی 16 اکتوبر تک ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سنیئر رہنما خورشید شاہ کے بیٹوں فرخ شاہ،زریق شاہ اور مبینہ فرنٹ مین سید قاسم علی شاہ نے ضمانت کے لیے جمعہ کے روز عدالت سے رجوع کیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ خورشید شاہ کی گرفتاریوں کے بعد ان کی بھی گرفتاریوں کا خدشہ ہے، نیب تحقیقات میں شامل ہونے کو تیار ہیں مگر ضمانت دی جائے۔
عدالت نے تینوں کی 16 اکتوبرتک عبوری ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی۔عدالت کی درخواست گزاروں کو 5،5لاکھ روپے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے تینوں درخواست گزاروں کونیب سے تعاون کی ہدایت کی۔