قصور 3 بچوں کے قتل کیخلاف مشتعل شہری سڑکوں پر نکل آئے تھانے پر حملہ

108

قصور(نمائندہ جسارت)تین بچوں کے قتل کے خلاف مشتعل شہری سڑکوں پر نکل آئے۔تھانے پر حملہ۔تفصیلات کے مطابق تین بچوں سے زیادتی اور قتل کیخلاف شہر میں مکمل ہڑتال اور شدید احتجاج کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے واقعے کی انویسٹی گیشن کے لیے 6 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور 8 سالہ محمد فیضان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں زیادتی کی بھی تصدیق ہوگئی۔ کمیٹی میں ڈی پی او قصور عبدالغفار ، ایس پی انویسٹی گیشن قصور شہبازالہی، ایس پی قدوس بیگ ، اے ایس پی ننکانہ، سی ٹی ڈی رکن اور اسپیشل برانچ کا ڈی ایس پی شامل ہیں۔8 سالہ محمد فیضان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق محمد فیضان کوگلہ دبا کرقتل کیا گیا جب کہ رپورٹ میں زیادتی کی بھی تصدیق ہوگئی۔ کمیٹی نے جائے وقوع پر پہنچ کر مختلف نمونہ جات حاصل کیے جب کہ کمیٹی حراست میں لیے گئے 9 مشکوک افراد کے ڈی این اے ٹیسٹ آج کروائے گی۔دوسری جانب بچوں کے ورثاء نے پولیس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلا کر روڈ کو ٹریفک کے لیے بلاک کردیا اورمطالبہ کیا کہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔گزشتہ روز چونیاں بار اور انجمن تاجران نے اس دلخراش واقعہ کے خلاف مکمل ہڑتال کی جبکہ ورثاء، وکلاء، تاجروں اور سول سوسائٹی کے سینکڑوں افراد نے پولیس کے خلاف احتجاج کیا اور ٹائر جلاکر مین روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا اور تھانہ اور ڈی ایس پی کے دفتر کا گھیرائو کیا اورپولیس کے خلاف نعرے بازی کی، تاہم گھنٹوں بعد پولیس کی ملزمان کو جلد گرفتاری کی یقین دہانی اور مذاکرات کے بعد احتجاج کو ختم کردیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روزقصور کے علاقے چونیاں انڈسٹریل اسٹیٹ سے 3 بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں جن میں سے ایک 8 سالہ بچے کی شناخت سفیان کے نام سے ہوئی ہے، جو چونیاں شہرکے رہائشی رمضان کا بیٹا تھا جب کہ 2 بچوں کی لاشیں پرانی ہونے کیوجہ سے ناقابل شناخت ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکے حکم پرچونیاں میں بچوں کے قتل کیس میں غفلت برتنے پر ڈی ایس پی چونیاں اور ایس ایچ او معطل کر دیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پولیس کی غفلت جہاں بھی ہوئی اس پر سخت ایکشن ہوگا-وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی ہدایت پرصوبائی وزراء ہاشم ڈوگر اور سردار آصف نکئی نے چونیاں میں مقتول بچوں کے گھر جا کر غمزدہ خاندانوں سے ملاقات کی اورافسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔صوبائی وزراء نے سوگوار خاندانوں کو وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ صوبائی وزیر قا نون اور آئی جی پولیس خود تحقیقات کی نگرانی کریں۔ گزشتہ روز صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اور چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر چونیاں کا د ورہ کیا اور متاثرہ خاندان کے ساتھ ملاقات کی اوران سے اظہار ہمدردی کیا جبکہ چونیاں سے اغوا ہونے والے چوتھے بچے12سالہ عمران کی بازیابی کے لیے پولیس کو کاوشیں تیز کرنے کی ہدایت کی۔