آصف زرداری اور فریال تالپور پر 4 اکتوبر کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

143

احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس اور میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور پر 4 اکتوبر کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جعلی اکاؤنٹس ریفرنس کی نقول ملزمان کوفراہم کرنے کا حکم دیدیا ۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز کی سماعت کی، نیب نےسابق صدرآصف زرداری کو پیش کیا تاہم فریال تالپور سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی وجہ سے پیش نہ ہوئیں۔ آصف زرداری اور فرالع تالپور کو ریفرنس کی نقول فراہم کر دی گئیں۔

آصف زرداری کے وکیل لطیف کھوسہ نے ایک بار پھر جیل میں اے سی کا معاملہ اٹھا تے ہوئے کہا عدالت نے کہا تھا اے سی دیں لیکن نہیں دیا گیا، آپ نے کہا فریج دیں لیکن انہوں نے برف کے ڈبے دے دیئے۔

اس موقع پر عدالت میں موجود فاروق ایچ نائیک نے کہا ہمیں ابھی تک ریفرنس کی کاپی بھی نہیں ملی جس پر جج محمد بشیر نے کہا  ریفرنس کی نقول آصف زرداری اور فریال تالپور کے وکلا کو دینے کا حکم دیا جس کی فورا تعمیل کردی گئی۔ عدالت نے قرار دیا کہ آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین کیسز کی سماعت اب 4 اکتوبر کو ہو گی۔