اک گل کراں مارو گے تو نئیں

347

ترقی کی رفتار نصف کرکے، غربت میں اضافہ کرکے کیا ہم خزانہ بھر سکتے ہیں؟
اک گل کراں مارو گے تو نئیں
پاکستان کے سیاست دان میکاولی کے سچے پیروکار
پاکستان کا معاشی نظام آدم اسمتھ کا سرمایہ دارانہ نظام
پاکستان کا تعلیمی نظام لارڈ میکالے کا مرتب کردہ
پاکستان کا عدالتی نظام 1933 کا گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ
پاکستان کا مطلب کیا ؟
اک گل کراں مارو گے تو نئیں
پاکستان میں پولیس کب تک اس ملک کو عوام کے لیے جہنم بنائے رکھے گی؟
اک گل کراں مارو گے تو نئیں
ہمارے عدالتی نظام نے رائو انوار، عزیر بلوچ، کراچی میں فیروز کے قاتل رینجرز اہلکاروں اور سانحہ ساہیوال کے سفاک مجرموں کی طرف سے کیوں آنکھیں بند کررکھی ہیں؟
اک گل کراں مارو گے تو نئیں
پاکستان کے مقتدر اداروں کا انسانیت سے کوئی تعلق ہے؟
اک گل کراں مارو گے تو نئیں
آرمی چیف نے کہا ہم جہالت کے خلاف جہاد کررہے ہیں
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہم معیشت کے مرض کی تشخیص کررہے ہیں۔
دنیا میں کتنے ممالک ہیں جہاں کی فوج تعلیم کے فروغ اور معیشت کی درستی کا فریضہ انجام دے رہی ہے؟
اک گل کراں مارو گے تو نئیں
سویلینز نے لشکر بھیج کر آزاد کشمیر بھارت سے حاصل کرنے کی بنیاد رکھی تھی۔ کیا اس مرتبہ بھی سویلین ہی کو آگے آنا ہوگا؟
اک گل کراں مارو گے تو نئیں
بھٹو نے90ہزار پاکستانی فوجیوں کو بھارت کی قید سے آزاد کرایا۔ نوازشریف نے کارگل میں پھنسی پاکستانی فوج کے نکلنے کا بندو بست کیا۔ بھٹو کو پھانسی دے دی گئی۔ نواز شریف کو جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر جیل میں ڈال دیا گیا جہاں پورا بندوبست ہے کہ ان کی لاش ہی ڈبے میں باہر آئے۔ فوج اپنے محسنوں کے ساتھ ایسا سلوک کیوں کرتی ہے؟
اک گل کراں مارو گے تو نئیں
ڈان لیکس پر نوازشریف کی حکومت متزلزل کردی گئی۔ قومی راز افشا کرنے پر جنرل اسد درانی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ کیوں؟۔
اک گل کراں مارو گے تو نئیں
نواز شریف پر کرپشن کے الزام لگائے گئے۔ مقدمات کا سامنا کرنے کے لیے اپنی بیٹی کے ہمراہ وہ خود پاکستان آئے۔ جہاز سے اترتے ہی انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ جنرل مشرف اور جنرل کیانی پر بھی اربوں روپے کرپشن کے الزام ہیں۔ وطن واپس آنے پر کیا انہیں بھی نواز شریف کی طرح گرفتار کرکے جیل میں ڈالاجائے گا؟۔
اک گل کراں مارو گے تو نئیں
عمران خان کی حکومت کے ایک سال مکمل ہونے پر آرمی چیف کو مبارک باد دی جائے یا پاکستان کی معزز عدالتوں کو؟
اک گل کراں مارو گے تو نئیں
کیا اس وقت دنیا میں پاکستان سے زیادہ کوئی اور امن پسند ملک ہے؟
اک گل کراں مارو گے تو نئیں
میزائل سازی میں تو مزہ نہیں آرہا۔ ہم ہائیڈروجن اور نیوٹرون بم کب تک بنا رہے ہیں؟
اک گل کراں مارو گے تو نئیں
آرمی چیف کے بعد اور کس کی تقریر سے سب سے زیادہ بصیرت کشیدکی جاسکتی ہے؟
اک گل کراں مارو گے تو نئیں
مصباح الحق کی تنخواہ 26لاکھ منظور، ایک گردہ سرجن کی تنخواہ 14لاکھ نامنظور۔ تعلیمی بجٹ برائے نام، اسکالر شپس پر خرچ کرنے کے لیے خزانہ خالی۔ جہالت کو جتنی رعایتیں ہمارے ملک میں دی جاتی ہیں دنیا کا کوئی اور ملک اس کا مقابلہ کرسکتا ہے؟۔
اک گل کراں مارو گے تو نئیں
کیا پاکستان اس لیے حاصل کیا گیا تھا کہ چند بہروپیوں، نقالوں، ڈکٹیٹروں اور کھلنڈروں کی افزائش کی جاسکے؟
اک گل کراں مارو گے تو نئیں
ہماری عدالتیں کب تک عدل کو تماشا بنا کر انسانیت کے گمراہ کن معیار اور غلط مثالیوں کی علامت بنی رہیں گی؟
اک گل کراں مارو گے تو نئیں
ہمارے ہاں وزارت عظمیٰ کب پورے ہوش وحواس میں، فوجی مشروب پے بغیر وزرائے اعظم تک پہنچے گی؟
اک گل کراں مارو گے تو نئیں
پاکستانی پولیس کی سفاکی اور بدمعاشی کا علاج تھانوں میں کیمرہ موبائلز کی بندش۔ اس پر حکومتی تائید سے کیا ثابت ہوتا ہے سوائے اس کے کہ ان قاتلوں اور بدمعاشوں کا برقرار رہنا حکومت کی ضرورت ہے۔
اک گل کراں مارو گے تو نئیں
ایسا لگتا ہے روس اور امریکا کے بعد بھارت بھی چاند تک پہنچنے کا دعویٰ کرکے ہمیں بے وقوف بنانا چاہتا ہے۔
اک گل کراں مارو گے تو نئیں
مولانا فضل الرحمن کو مارچ کے بعد مجرم قرار دے کر گرفتار کیا جائے گا یا مارچ سے پہلے۔
اک گل کراں مارو گے تو نئیں
2018 کے الیکشن کے غیر سنجیدہ اور بے ہودہ مذاق کے بعد کھلاڑیوں اور مسخروں کو اقتدار سونپ کر الٹے پائوں دوڑنے کی مشق کے سوا ملک وقوم کی کیا خدمت کی گئی؟ سوائے ایک جنرل کی ایکسٹنشن کے۔