نوابشاہ حیسکو کے ستائے شہری سڑکوں پر نکل آئے احتجاجاً ٹائر نذر آتش

135

نوابشاہ (رپورٹ:۔کاشف رضا) بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور آنکھ مچولی کے ستائے شہریوں اور حیسکو کے درمیان شدید کشیدگی، نوابشاہ کے رہائشی سڑکوں پر نکل آئے، ٹائر جلائے اور رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک کی آمدورفت معطل کردی، جس سے شہری گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہے۔ اتوار کی دوپہر سخت گرمی کے دوران اعلانیہ اور غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے بجلی کے ستائے شہریوں کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر کسی نا کسی علاقے میں حیسکو انتظامیہ کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے لیکن حکام نہ توشہریوں کے احتجاج کا کوئی نوٹس لینے کے لیے تیار ہیں اور نہ ہی حیسکو انتظامیہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور بندش پر قابو پانے میں کامیاب ہوسکی ہے۔ گزشتہ روز بھی نوابشاہ کے گنجان آباد علاقے منو آباد پاک کالونی میں طویل بندش پر شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ہے اورحیسکو انتظامیہ کیخلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے روڈ بند کردیا اور سڑک پر ٹائر جلا کر گاڑیوں کی آمد و رفت معطل کردی۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہمارے علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے بجلی طویل بندش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سخت گرمی اور حبس کے دوران گھروں میں موجود بزرگوں، خواتین اور بچوں کی حالت غیر ہوگئی ہے علاقہ کے مکینوں نے کہا کہ ہماری کہیں بھی داد رسی نہیں کی جاتی۔