اسلام آباد(صباح نیوز)حکمران جماعت نے سابق حکمرانوں کی شاہ خرچیوں کی تفصیلات جاری کردیں الزام عاید کیا ہے کہ زرداری و نواز حکومتیں مسلسل قوم کی پشت پر قرضوں کا بوجھ بڑھاتی رہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اعداد و شمار جاری کردیے ہیں۔ جاری اعدادوشمار کے مطابق سابق صدر آصف زرداری 2009ء میں واشنگٹن گئے تو 7 لاکھ 52 ہزار 668 ڈالرز کا خرچہ آیا، نواز شریف نے 2013ء میں واشنگٹن کا قصد کیا تو 5 لاکھ 49ہزار 853 ڈالرز خرچ ہوئے۔ عمران خان 2019ء میں بطور وزیر اعظم واشنگٹن گئے تو67ہزار 180ڈالرز میں دورہ مکمل ہوگیا، اسی طرح نیویارک کے سرکاری دوروں پر اٹھنے والے اخراجات میں بھی واضح فرق دکھائی ۔دیتا ہے سابق صدر زرداری 2012ء میں نیویارک یاترہ کے لیے گئے تو13 لاکھ 96ہزار201ڈالرز خرچ کرآئے۔ نواز شریف کو 2016ء میں نیویارک جانا ہوا تو مقروض قوم کو11لاکھ 13ہزار142ڈالرز کے خطیر اخراجات کا بوجھ برداشت کرنا پڑا۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی2017ء میں گئے اور 7لاکھ 5 ہزار 19 ڈالرز خرچ کرآئے۔ سیف اللہ خان نیازی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان چند دنوں میں نیویارک تشریف لے جائیں گے تو اندازا صرف 1لاکھ 62ہزار 578ڈالرز کے اخراجات اٹھیں گے، زرداری و نواز حکومتیں مسلسل قوم کی پشت پر قرضوں کا بوجھ بڑھاتی رہیں۔انہوںنے کہا ہے کہ دونوں جماعتوں کی قیادت نہایت بے شرمی سے ٹیکس گزاروں کا پیسہ اپنی عیاشیوں پر لٹاتی رہی۔