پشاور،پواسلحہ پنجاب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام ، ملزم گرفتار

255

پشاور (اے پی پی) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے بھاری مقدار میں جدید خودکار اسلحہ پنجاب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم گاڑی کے ذریعے اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش کررہا تھا کہ تھانہ چمکنی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گاڑی سے بھاری مقدار میں جدید خودکار اسلحہ برآمد کرلیا، گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے، جس کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ ایس پی رورل علی بن طارق کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ کسی بھی وقت بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود تخریب کاری کی غرص سے پنجاب اسمگل کرنے کی کوشش کی جائے گی، اطلاع کو مصدقہ جان کر اہم شاہراہوں پر خصوصی ناکہ بندیاں کر کے چیکنگ کا عمل سخت کرنے کی ہدایت کی گئی،ڈی ایس پی چمکنی حیدر علی کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ چمکنی واجد خان اور ایس آئی امتیاز خان موٹروے ناکہ بندی پر موجود تھے کہ اس دوران ایک مشکوک گاڑی نمبر 2987-AB کو روک کر تلاشی لینے پر گاڑی سے 2 عدد کلاشنکوف، 4 پستول، تین رائفل، 24 میگزین اور سیکڑوں مختلف بور کے کارتوس برآمد کر کے ملزم زرباز خان ولد لال محمد سکنہ اضاخیل متنی کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے جس کیخلاف اسلحہ اور دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے شہر کے نواحی علاقہ خزانہ میں دکانوں کے تالے توڑ کر مختلف اشیا چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کرلیا، جس کی نشاندھی پر اس کے قبضے سے مسروقہ 11 موبائل فون اور قیمتی اشیا برآمد کرلی گئی ہیں۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جس کے دوران اس سے مزید اہم اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جارہی ہے۔ مدعی رشید ولد جمروز خان سکنہ واحد گھڑی نے تھانہ خزانہ پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ کسی نامعلوم ملزم نے اس کی دکان سے گیارہ موبائل فون، کیمرہ اور دیگر قیمتی اشیا چوری کرلی ہیں، جس کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔ ایس پی رورل علی بن طارق نے دکانوں کے تالے توڑ کر چوری کی واردات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس چمکنی حیدر علی اور ایس ایچ او تھانہ خزانہ حاجی ابراہیم پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دیتے ہوئے واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالے کیا۔ ڈی ایس پی چمکنی حیدر علی کی سربراہی میں ایس ایچ او خزانہ حاجی ابراہیم خان نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش جاری رکھتے ہوئے متعدد مشتبہ اور جرائم پیشہ افراد کو شامل تفتیش کر کے ان کے بیانات قلمبند کیے جس کے دوران ملوث ملزم اصل ملزم کا سراغ لگا کر ملزم الف خان ولد اشراف خان کو گرفتار کرلیا، جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران دکانوں سے چوریاں کرنے کی وارداتوں کا اعتراف کرلیا ہے، جس کی نشاندہی پر اس کے قبضے سے گیارہ مسروقہ موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیا بھی برآمد کر لی گئیں۔