کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہاہے کہ آج کوئٹہ عوامی مارچ منظم،تاریخی،بلوچستان کے سلگتے مسائل اور مظلوم کشمیریوں پر مظالم کودنیا بھر میں اجاگر کرنے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے اوریہ صوبے کی تاریخ میں ایک یادگار مارچ ہوگا۔ہم نے عوامی مارچ کے حوالے سے اضلاع کو متحرک وفعال کیا، عوام الناس کے ساتھ سیاسی سماجی و کھیلوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو دعوت دی، بھارتی جارحیت اور کرپٹ مافیاوبلوچستان کو ریگستان بنانے والوں کے خلاف عوامی مارچ ہوگا۔ہم حکومت کو متوجہ کررہے ہیں کہ کشمیرکی آزادی حکومتی جلسوں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات اور جہاد سے ہوگی،جہاد بھی ریاست و افواج پاکستان کریں پوری قوم ساتھ دے گی، بلوچستان پسا ہوا دباہوا محروم علاقہ بن گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کوئٹہ کی جانب سے عوامی مارچ کے سلسلے میں میزان چوک پر 2 روزہ دعوتی کیمپ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی و ضلعی رہنما و قائدین بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔ مولاناعبدالحق ہاشمی نے بتایا کہ عوامی مارچ3 بجے سہ پہر ہاکی گرائونڈ ڈبل روڈ سے شروع ہوکر پرنس روڈ، جناح روڈ سے ہوتا ہوا منان چوک پر پہنچے گا جہاں سینیٹر سراج الحق و دیگر قائدین مارچ کے شرکا سے خطاب کریں گے۔ قوم کو جماعت اسلامی ہی مسائل سے نکال سکتی ہے، قوم نے سب جماعتوں کو بار بار آزمالیا مسائل کم ہونے کے بجائے بڑھ گئے، تبدیلی سرکارنے مسائل و پریشانیاں بڑھانے میں ریکارڈ قائم کردیا حالانکہ اس حکومت سے عوام کو بہت سی اچھی و مثبت توقعات تھیں، اب قوم کے پاس جماعت اسلامی کاآپشن رہ گیا ہے، عوامی مارچ کی تیاریاں مکمل ہوگئیں، جماعت اسلامی نے دن رات ایک کرکے ہر طبقے کو دعوت پہنچادی، انشا اللہ ہزاروں لوگ عوامی مارچ میں شرکت کرکے جماعت اسلامی کی کال پر لبیک کہیں گے اور ظلم و جبر و کرپشن کے خلاف بھر پور آواز بلند کی جائے گی۔
مولاناعبدالحق ہاشمی