نوابشاہ، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے پر گپچانی پولیس کیخلاف متاثرین کا احتجاج

196

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) گپچانی کے گاؤں مکینوں کا چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے پرگپچانی پولیس کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاج۔ گپچانی کے نواحی علاقے گاؤں محمد خان مغیری کے مکینوں نے امیر علی مغیری، عزیز اللہ مغیری، مجیب الرحمن مغیری ودیگر کی قیادت میں احتجاج کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ عوام کی محافظ گپچانی پولیس بغیر کسی ورانٹ کے ہمارے گھروں میں داخل ہوئی۔ چادر وچار دیواری کے تقدس کو پامال کیا خواتین اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ نور احمد مغیری کو گرفتار کیا گھرمیں تلاشی کے دوران ملنے والا 5 تولہ سونا ایک لاکھ روپے نقد ہمراہ لے گئے۔ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گپچانی پولیس کے غیر اخلاقی رویہ پر نوٹس لیتے ہوئے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔