نوابشاہ (نمائندہ جسارت) نوابشاہ ضلع بھر کے ٹائون، رورل اور میونسپل کمیٹی کے اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی اور ادویات کی شدید قلت سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا۔ ایکسرے، الٹرا سائونڈ، ڈینٹل مشین خراب حالت میں بند، غریب مریض نجی کلینکوں میں علاج و معالجہ کرانے لگے، گندگی وغلاظت کے باعث اسپتال میں داخل مریضوں کو شدید دشواریوں کا سامنا۔ ضلع بھر کے مریضوں نے احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ اس وقت ضلع میں 10 لاکھ سے زائد آبادی ہے، ضلع بھر کے اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی عدم موجودگی، ادویات کی شدید قلت نے مریضوں کے لیے مشکلات پیدا کی ہوئی ہیں۔ مشینیں بند ہونے سے ناکارہ بن گئی ہیں، لیبارٹری کی سہولت سے بھی غریب مریض فائدہ حاصل نہ کر سکے ہیں۔ سرکاری اسپتال اور صحت مراکز میں سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث مریض نجی کلینکوں میں علاج کرانے پر مجبور ہیں۔ صفائی کا نظام بدتر ہے، مریض گندگی کے ڈھیر پر علاج کرانے پر مجبور ہیں، جنریٹر سمیت مریضوں کے لیے پینے کے صاف پانی کی سہولت بھی موجود نہیں۔ ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کے باعث ایمرجنسی میں مریضوں کو حیدر آباد اور کراچی ریفر کیا جاتا ہے۔ انہوں نے محکمہ صحت سمیت دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ اسپتال میں ادویات کی قلت ختم کر کے ریلیف فراہم کیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔