کوئٹہ (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ عوامی مارچ میں صوبے کے کشمیری، اقلیتی برادری سمیت مزدور محنت کش، علما کرام اور طلبہ ودیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کودعوت دی گئی ہے۔ کوئٹہ عوامی مارچ سے کرپٹ مافیا کو بے نقاب، بلوچستان کے سلگتے مسائل کو اجاگر اور حل کی راہ متعین ہوگی۔ کشمیری برادری کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اقلیتی برادری ظلم وجبر اور کرپشن کیخلاف عوامی مارچ میں شرکت کریں۔ جماعت اسلامی کاعوامی مارچ ہر طبقے کے دل کی آواز ہے، ہم کسی کرپٹ لیڈر کو بچانے نہیں بلکہ کشمیری عوام پر ظلم وجبر کیخلاف، لٹیروں کو سزا دینے اور مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے نکلیں گے۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے پشین خانوزئی میں عوامی مارچ تیاریوں کے حوالے سے اجلاس وقبائلی عمائدین سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ان کرپٹ اور لٹیرے حکمرانوں سے نجات نہیں ملتی ملک و قوم مسائل کی دلدل میں دھنستے رہیں گے۔ ملک میں خاندانی بادشاہتوں کے بجائے آئین کی حکمرانی قائم کرنے کے لیے عوام کو ایک نئے عزم سے اٹھنا ہوگا اور تحریک پاکستان کی طرز پر پاکستان کو بچانے کے لیے نئے سرے سے جدوجہد کرنا ہوگی۔ حکمرانوں کی لوٹ کھسوٹ اور غلط معاشی پالیسیوں کی وجہ سے آ ج ملک کا بچہ بچہ مقروض ہے، قوم کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی غلامی میں جکڑنے کے مجرم کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ حکمرانوں نے محض اپنے کمیشن کے لیے قوم کے ہاتھوں میں آئی ایم ایف کی ہتھکڑیاں اور پائوں میں بیڑیاں پہنا دی ہیں۔ عوام کو حالات کی رو میں بہنے اور مایوسی کے بجائے ایک نئی امید اور اللہ پر توکل کے ساتھ ان سانپوں اور بچھوئوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ جماعت اسلامی عام آدمی کے لیے امید کی شمع ہے۔ عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے اور قوم کی لوٹی گئی دولت واپس لانے کے لیے جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہم آئی ایم ایف سمیت ملکی لٹیروں سے قوم کو نجات دلائیں گے۔ جماعت اسلامی ہی امید کی کرن ہے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آئی تو عوام کے مسائل حل، اسلامی نظام کی راہ ہموار اور لٹیروں سے دولت برآمد ہوگی۔