نیب کی جانب سے سیپکو سکھر کیخلاف موصول شکایات پر نوٹس

155

سکھر (نمائندہ جسارت) نیب آفس سکھر کی جانب سے سیپکو سکھر کیخلاف موصول شکایات پر نوٹس لے لیا گیا۔ نیب آفس سکھر کی جانب سے سیپکو سکھر کیخلاف ڈیڈیکشن چارجز، غیر قانونی کنکشنز اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے حوالے سے 1700 سے زائد شکایات موصول ہونے پر نوٹس لیا گیا ہے اور نیشنل اکاؤنٹیبلٹی آرڈیننس کے سیکشن 33C کے تحت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سی ای او سیپکو سمیت تمام ٹیکنیکل افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں سی ای او سیپکو نے شکایات کے تدارک کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ سی ای او سیپکو نے بتایا کہ گردشی قرضوں کو کم کرنے کے لیے نئے طریقے اختیار کیے جائیں گے، جبکہ ادارے میں فوتگی کوٹے کے متعلق زیر التوا کیسز کا واپڈا الیکٹریسٹی ایکٹ کے مطابق جلد تدارک کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نیپرا کی ہدایات کے مطابق ڈیڈیکشن اور بلز کی ادائیگی کے لیے نیا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا اور دیہی اور شہری علاقوں میں سیپکو کے فیڈرز کی حفاظت، بجلی چوری اور لوڈشیڈنگ پر قابو پایا جائے گا۔ اجلاس کے دوران سی ای او سیپکو نے نیب سکھر سے 5 لاکھ روپے یا زائد کی رقم کے بجلی بلز کے بڑے نادہندگان سے ریکوری کے لیے تعاون کی اپیل کی۔