نوابشاہ(نمائندہ جسارت)صوبائی وزیربلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہاہے کہ آصف زرداری کی گرفتاری کا کوئی جواز نہیں ،پنجاب کے ڈاکٹر کی ہدایت کے باوجودسابق صدر کو اسپتال میں نہیں رکھا گیا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے نوابشاہ پریس کلب میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ عدلیہ سے درخواست ہے کہ آصف زرداری کو اسپتال میں زیر علاج رکھا جائے، قوانین کے مطابق پروڈکشن آرڈرپر عمل نہیں کیا جارہا۔انہوں نے کہا کہ فریال تالپوررکن سندھ اسمبلی ہیں، احتساب کے نام پرانتقام نہیں ہونا چاہیے، موجودہ احتساب قوانین کا اطلاق تحریک انصاف اور اس کے اتحادیوں پر نہیں ہوتا، علیمہ باجی نے ایمنسٹی اسکیم میں اثاثہ جات تسلیم کیے ، پر وہ قانون سے بالا تر ہیں۔صوبائی وزیربلدیات نے کہا کہ 162 ارب روپے کراچی میں خرچ کرنے والی وفاقی حکومت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی توجہ دے، 18 ویں ترمیم کے بعدفاروڈ بلاک نہیں بن سکتا،عوام کو روزگار دینے والوں نے مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیاایک سال کے قلیل عرصے میں موجودہ حکومت نے ریکارڈ قرضے لیے۔