راولپنڈی اور ملحقہ علاقوں میں ڈینگی کے مریضوں میں مسلسل اضافہ

122

راولپنڈی (آئی این پی) راولپنڈی میں ڈینگی مچھر کے وار جاری ہیں، 24 گھنٹوں کے دوران مزید 62 شہری بخار کا شکار ہوگئے، ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر1 ہزار 436 ہوگئی۔ راولپنڈی اور اس کے ملحقہ علاقوں میں ڈینگی کے مریضوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 62 شہری ڈینگی بخار کا شکار ہوئے ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی ابتک تعداد 1436 تک پہنچ گئی ہے، پوٹھوہار ٹائون علاقوں سے چوبیس گھنٹوں میں مزید 39 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے جبکہ ائر پورٹ ہاوسنگ سکیموں سے ملحقہ علاقوں میں مزید 29 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں۔ دریں اثنا صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے بے نظیر بھٹو اسپتال کا دورہ کیا اور بی بی ایچ کے شعبہ ایمرجنسی اور ڈینگی وارڈ کا معائنہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت نے ڈینگی مریضوں کی بڑھتی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ خصوصاً ڈینگی مریضوں کو علاج معالجے میں کوتاہی برداشت نہیں ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مریضوں کو جدید طبی سہولہات کی فراہمی کے لیے اقدامات اولین ترجیح ہیں۔