ملکی صورتحال کے ذمے دار حکمران اور ادارے ہیں، خورشید شاہ

135

سکھر (آن لائن) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان آج جن حالات کا شکار ہے اس کے ذمے دار سیاستدان، حکمران اور ادارے ہیں اور شرم محسوس کرتے ہوئے انہیں اپنی اس ذمے داری کو قبول کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر سول اسپتال کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہرجمعہ کو آدھا گھنٹہ سنگلز بند کرنے سے کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوگا ، ہماری حکومت نے خارجہ پالیسی کو تباہ و برباد کردیا ہے ایران اور ترکی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں مگر ہمارے تعلقات ان ممالک سے ہیں جو مودی فاشسٹ کو بلاکر اسے گولڈ میڈل پہنا رہے ہیں اور ہمارے وزیر اس پر کہتے ہیں کہ ان ممالک کے بھارت سے اپنے مفادات وابستہ ہیں ایسے بیانات دینے پر ان کو شرم آنی چاہیے کشمیر کے مسئلے پر حکومت کو قوم اور سیاستدانوں کو اعتماد میں لینا چاہیے تاکہ دنیا تک کشمیر کے لیے ایک موثر آواز جانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر دنیا کا سب سے بڑا قید خانہ بن چکاہے جہاں پر 35 روز سے مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں مگر اس پر اقوام متحدہ کا ادارہ نوٹس لینے کے بجائے بین بجانے میں مصروف ہے جس پر ان کو شرم آنی چاہیے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی بھی اپوزیشن کے اتحاد کا حصہ ہے اور ہمارے 2 سینئر ارکان نیئر بخاری اور فرحت اللہ بابر اپوزیشن کمیٹی کے رکن ہیں تاہم اس بارے میں فیصلہ پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کرے گی ۔
خورشید احمد شاہ