جیکب آباد/ سکھر (آن لائن) وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ آصف زرداری اور نوازشریف جلد رقم واپس کردیں گے‘ آصف زرداری نے دوستوں کے ذریعے پلی بارگین شروع کردی ہے جبکہ نواز شریف نے بھی پلی بارگین کر رہے ہیں ‘ جن لوگوں نے گاجریں کھائی ہیں ان کو نیب کا چورن کھانا پڑے گا‘ سندھ کے سیاستدانوں نے اپنی زندگی تو بدل لی لیکن عوام کی نہیں بدلی‘ مزید10 ہزار نوکریاں دیں گے‘ سڑکوں پر2،2 سو افراد تک مرے لیکن ہماری3 ٹرینوں کے حادثات کیا ہوئے لوگوں نے طوفان کھڑا کردیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد اور سکھر اسٹیشن پر ریلوے ملازمین اور عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ کے سیاستدانوں نے اپنی زندگی تو بدل لی لیکن عوام کی حالت نہیں بدلی‘ ان سیاستدانوں کے بینک بیلنس
میں اضافہ ہوا لیکن سندھ کی حالت وہی ہے‘ عوام کو پینے کے پانی اور صحت کی کوئی سہولت نہیں ملی‘ مودی کی غلطی اس کے گلے پڑے گی‘بھارتی سائنسدانوں نے چاند پر جانے کی کوشش کی اس کے سائنسدانوں کی طبیعت خراب ہو گئی‘ اگر بھارت نے پاکستان پر حملے کی غلطی کی تو سندھ کا بچہ بچہ قربان ہونے کیلیے تیار ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ وعدہ کرتاہوں ٹرین کی رفتار جو ابھی40سے50 ہے اسے 120تک لیکر جائو ں گا‘ جو ٹرینیں تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں ان کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ10 ہزار نوکریاں دینے کا مرحلہ جاری ہے جیسے ہی یہ مکمل ہوگا مزید10 ہزار نوکریاں دیں گے اور اگر ایل ایم ون مکمل ہوگیا تو لوگوں کو مزید ایک لاکھ نوکریاں ملیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں ڈیڑھ ماہ سے بارش کے دوران ٹریک کو شدید نقصان پہنچا ہے‘ یہ ٹریک 1861ء کا بچھا ہواہے اور جب تک یہ ٹھیک نہیں ہوگا لوگ سڑکوں پر مرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر2،2 سو تک لوگ مرے ہیں‘ ہماری 3 ٹرینوں کے حادثات کیا ہوئے ہیں لوگوں نے طوفان کھڑا کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ کے خلاف نیب تحقیقات کے حوالے سے سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جن جن لوگوں نے گاجریں کھائی ہیں ان کو نیب کا چورن کھانا پڑے گا اور جو زیادہ چیخ رہے تھے ان کی بولتی بند ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے آزادی یا موت میں سے ایک راستہ چن لیا ہے‘ ہم ان کے لیے خون کے آخری قطرے اور آخری گولی تک لڑیں گے۔
شیخ رشید کا دعویٰ