دادو (نمائندہ جسارت) دادو کے نواحی گاؤں سامتیانی کی یتیم بہنوں اور بیوہ ماں نے نیشنل پریس کلب پر اپنی زمین پر قبضہ کرنے والے رشتے دار اور تپیدار کیخلاف احتجاج کیا۔ اس موقع پر یتیم بہنوں زبیدہ، تہمینہ نے اپنی ضعیف والدہ مریم پیرزادو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے والد کی 236 ایکڑ سے زائد زرعی زمین کلہوڑا، پیر پنجان، کور پور اور دیگر دیہوں میں ہے۔ ہمارے والد غلام رسول پیرزادو کا 17 برس قبل انتقال ہوگیا تھا، ہماری بہن زلیخاں کے بیٹے رفیق احمد پیزادو اور ان کے والد رحیم بخش پیرزادو نے ہم سے مختلف حربوں سے زرعی زمین کے اصل کاغذات لے لیے تھے۔ دوسرے گروپ اصغر برہمانی نے بھی ہماری زمین پر قبضہ کیا ہوا ہے، جس کا مقدمہ دادو کی عدالت میں چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تپیدار محمد علی، بھانجے، بہنوئی اور وڈیرے غلام عباس نے گٹھ جوڑ کرکے زمینوں پر قبضہ کرلیا ہے، عدالت سے رجوع کرنے پر مذکورہ افراد ہماری جان اور مال کے دشمن بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کروڑوں روپے کی زمین ہونے کے با وجود ہم دو وقت کی روٹی کے لیے بھی پریشان ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم، عدالت کے چیف جسٹس، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ، آئی جی سندھ پولیس، ایس ایس پی دادو، اینٹی کرپشن آفیسر اور دیگر سے اپیل کرتے ہوئے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔