سکھر (نمائندہ جسارت) یونین کمیٹی 3 کا علاقہ سومر شاہ کالونی میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، نالیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، گندگی کے ڈھیر مکینوں کے لیے وبال جان بن گئے، مکینوں کا میئر سکھر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ سکھر میونسپل کارپوریشن کی یونین کمیٹی میر معصوم شاہ سکھر کا علاقہ سومر شاہ کالونی مشن روڈ صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کے باعث گندگی کے ڈھیر کا منظر پیش کر رہا ہے، گندگی کے باعث علاقہ مکین شدید پریشان حال ہیں، رہی سہی کسر علاقے میں جاری ادھورے ترقیاتی کام نے پوری کردی ہے، جس کے باعث علاقے میں نالیاں اور گٹر مزید ٹوٹ پھوٹ کا شکار، مکینوں کے لیے وبال جان بن گئے ہیں۔ مکینوں کے مطابق علاقے میں صفائی ستھرائی کے سلسلے میں متعلقہ ڈپارٹمنٹ سمیت یوسی چیئرمین اور وائس چیئرمین سمیت کونسلرز صاحبان کو کئی بار تحریری طور پر آگاہ کیا گیا ہے لیکن افسوس اب تک ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ علاقے کے مسائل ٹھیک ہونے کے بجائے مزید بڑھ رہے ہیں، مکینوں نے میئر سکھر ارسلان شیخ سے نوٹس لیکر مکینوں کو بنیادی و بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کا پر زور مطالبہ کیا ہے۔