سراج الحق کی باٹا پور میں یادگار شہداء پر حاضری پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی

676
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق باٹا پور میں یادگار شہدا پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق باٹا پور میں یادگار شہدا پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے یوم دفاع کے موقع پر باٹا پور میں یاد گار شہدا پر حاضری دی ، شہدا کی قبروں پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد بھی موجود تھے ۔بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام 22 کروڑ مجاہد ہیں ۔پاکستان کا ہر نوجوان جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے سرشار ہے ۔ شہدا ہمارے سروں کا تاج ہیں۔ پوری قوم کو اپنے شہدا اور غازیوں کے کارناموں پرفخر ہے ۔ قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کے لیے تیار ہے ۔ ہمارے جوانوں نے دشمن کا غرورپہلے بھی خاک میں ملایا ہے اور آئندہ بھی اسے سبق سکھانے کے لیے تیار ہیں ۔ جب تک کشمیر آزادنہیں ہوجاتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ تقریریں اور بیانات بہت ہوگئے اب حکومت کو عملی اقدامات کی طرف آنا ہوگا۔کشمیر کی آزادی کے لیے حکومت کی ہر کوشش کا ساتھ دیں گے ۔ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے فوری کردار ادا کرے ۔ آج کا پاکستان 65اور 71کے مقابلے میں بہت مضبوط اور طاقتور ہے ۔ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے اسے ایسا سبق سکھائیں گے کہ اس کی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے اللہ کی طرف سے عظیم امانت ہے۔پوری قوم مادر وطن کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی دیوار ہے ۔ پاکستان کی نظریاتی اور دفاعی سرحدوں کی حفاظت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔ہم پاکستان کی حفاظت کے لیے جانیں قربان کرنا سعادت سمجھتے ہیں اور شہادت سے بڑھ کر ہمارے لیے سعادت کی اور کوئی موت نہیں ۔ہمارے نزدیک ہمیشہ زندہ و جاوید رہنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ اپنی جان اللہ کے راستے میں قربان کردی جائے ۔شہدا اللہ کے درباراور ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔پوری قوم شہدا کے خاندانوں کی عظمت کو سلام پیش کرتی ہے ۔شہدا کے خاندان ہمارے لیے سب سے بڑھ کر عزت و احترام کے حقدار ہیں۔پوری قوم ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے اور33 دن سے مقبوضہ کشمیر ایک بڑی جیل بنا ہوا ہے ۔لوگوں کو خوراک ، ادویات اور پینے کا پانی تک نہیں مل رہا ۔بیمار اور زخمی علاج کے بغیر دم توڑ رہے ہیں ۔اسکول کالجز اور مارکیٹیں بند ہیں اور مقبوضہ کشمیر کی ساری قیادت جیلوں میں ہے ۔ گزشتہ چند دن میں مقبوضہ وادی کی ایک بستی سے 300 بچیوں کو اغوا کرلیا گیاہے۔ نوجوانوں کو اٹھاکر غائب کردیا جاتاہے ۔لوگ مساجد میں جاسکتے ہیں اور نہ انہیں اسپتالوں میں جانے دیا جارہا ہے ۔لوگ اپنے مردوں کو گھروں میں دفنانے پر مجبور ہیں انہیں جنازہ پڑھنے اور قبرستانوں میںجانے تک کی اجازت نہیں ۔مقبوضہ کشمیر کی مائیں بہنیں اور بیٹیاں پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہیں ۔وہ کسی محمد بن قاسم اور محمود غزنوی کی راہ دیکھ رہی ہیں۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ 6ستمبر عزم و ہمت ولولے اور غیرت کا دن ہے ۔قومی یکجہتی اور اتحاد کا اور دشمن کو للکارنے کا دن ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج بھارت تقسیم ہے لیکن پاکستانی قوم ،فوج اور حکومت ایک صفحے پراور بھارت کو سبق سکھانے کے لیے تیار ہیں۔ پاکستانی قوم کا یہ اتحاد دشمن کے لیے ایٹم بم سے زیادہ خطرناک ہے ۔آج پوری قوم نے یہ عزم کیا ہے کہ وہ شہدا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی پاک دھرتی کے چپے چپے کی حفاظت کرے گی اور پاکستان کو اسلامی و خوشحال پاکستان بنا کر دم لے گی۔انہوں نے کہا کہ اب وہ وقت دور نہیں جب پاکستان دنیا کی ایک عظیم اور سپر طاقت بنے گا۔