ملتان (صباح نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کشمیری پیسہ اور ویزے نہیں بلکہ آزادی چاہتے ہیں‘مودی کی سازش ناکام ہوگی‘ امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے‘ پاکستان نے اسلحہ شب برات کے لیے نہیں رکھا‘ بھارت سرحدوں کی طرف بڑھا تو اسے نیست و نابود کردیں گے‘ آصف زرداری کے لیے کچھ لوگ پلی گین کر رہے ہیں‘ نواز شریف بھی با ت کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کشمیر پر اگر ہم نے کوتاہی برتی تو دنیا کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے ملتان ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کشمیریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور وطن عزیز کے لیے جانیں دینے والے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ بھارت گزشتہ 72 سال سے کشمیریوں کے ساتھ مظالم کر رہا ہے لیکن اب فیصلے کا وقت آگیا ہے‘ مودی کی سازش ہے کہ وہاں پیسہ لگائے اور کشمیریوں کو ویزوں کا لالچ دے لیکن کشمیری سوائے آزادی کے کچھ نہیں چاہتے ہیں۔انہوں نے بھارتی اقدامات کے حوالے سے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے‘ بھارت نے جنگ مسلط کی تو یہ آخری جنگ ثابت ہو گی‘ مسئلہ کشمیر پر حکومت اور اپوزیشن کو ایک صفحے پر ہونا چاہئے