شاہ محمود قریشی کا یورپی یونین کے نمائندہ انسانی حقوق سے رابطہ

170

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی برائے انسانی حقوق ایمن گلیمور کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیاجبکہ انہوں نے ملائیشین ہم منصب سے بھی رابطہ کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی برائے انسانی حقوق ایمن گلیمور سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے مقبوضہ کشمیرمیں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ شاہ محمود نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ 5 اگست سے مسلسل بدترین کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں، نظام زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، صورتحال اس قدر تشویشناک ہے کہ انسانی جان بچانے والی ادویات اور خوراک تک میسر نہیں۔بھارت کی جانب سے یک طرفہ ،غیر آئینی اقدامات، عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہیں، عالمی میڈیا اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں ایک نئے انسانی المیے کی نشاندہی کر رہی ہیں۔یورپی یونین کے نمائندہ خصوصی ایمن گلیمور نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملائیشین ہم منصب سیف الدین عبداللہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق آگاہ کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 4ہفتوں کے مسلسل کرفیو سے زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو چکی ہے، بھارت بچوں، بوڑھوں اور خواتین کو مظالم کانشانہ بنا رہا ہے، بھارت کے یکطرفہ اقدامات سے علاقائی امن کو شدید خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔