کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ نے سوسائٹی کے نام پر شہریوں سے فراڈسے متعلق کیس میں ریمارکس دیے کہ ملک میں کھلواڑ ہورہاہے،سب بیچ دو کی پالیسی چل رہی ہے۔ کراچی میں قبرستان، فٹ پاتھ سب بیچ دیا گیا۔ 2رکنی بینچ کے روبرو سوسائٹی کے نام پر شہریوں سے فراڈ سے متعلق انکوائری میں ملزم عبدالسلام اور دیگر کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔عدالت کے حکم پر ڈی جی آپریشنز نیب ظاہر شاہ اور ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ جعلی اکاؤنٹس کیس کی جے آئی ٹی آخر کب ختم ہوگی؟بیشتر تفتیشی افسر کو جے آئی ٹی کے ساتھ لگا دیا گیا ہے۔ ہر بار ان افسران کا ایک ہی جواب آتا ہے، وہ جے آئی ٹی میں مصروف ہیں۔ ڈی جی آپریشن نیب نے بتایا کہ کچھ تفتیشی افسران کو زیادہ کیسز دیے گئے ہیں، انکوائری میں مطلوب عبدالسلام مندھرو تعاون نہیں کررہے۔ ملزم کے وکیل محمد واوڈا ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ نیب نے بلاجواز لوگوں کے اکاونٹس منجمد کردیے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریماکس میں کہا کہ لوگوں نے بھی تو اس ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔ عدالت نے فراڈ سے متعلق ملزم عبد اسلام اور دیگر کیخلاف 25 ستمبر تک انکوائری مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔