نوابشاہ، درخت لگانے سے روکنے پر 22 افراد کیخلاف مقدمہ درج

147

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) محکمہ جنگلات کی زمین پر قبضہ کرنے اور سرکاری اہلکاروں کو درخت نہ لگانے دینے کیخلاف 22 افراد کے خلاف مقدمہ درج، کوئی گرفتاری عمل میں نہیں محکمہ جنگلات کی سیکڑوں ایکڑ زمین پر بااثر افراد قابض ہیں۔ قاضی احمد کے کچے میں واقعہ ترچھی جنگلات میں محکمہ فاریسٹ کے اہلکاروں کو درختوں کے بیج لگانے سے روک دیا۔ اس سلسلے میں محکمہ جنگلات کے گارڈ فرحت شاہ نے قاضی احمد تھانے میں 22 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرادیا، جن میں امام علی رند، شاہ نواز ملاح، عبدالعلیم مہر، محمد لائق مہر، نذر شاہ سمیت دیگر شامل ہیں۔ محکمہ جنگلات کے گارڈ فرحت شاہ نے ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا ہے کہ میں محکمے کے دیگر افراد کے ہمراہ ترچھی جنگل میں ببول کے بیچ لگانے کے سلسلے میں گاؤں صالح شاہ میں پہنچے تھے کہ مسلح افراد نے جن کے ہاتھوں میں ڈنڈے اور ہتھیار تھے ہمیں گھیر لیا اور ہم پرتشدد کیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور ہمیں وہاں سے بھگا دیا۔ تاہم اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ واضح رہے کہ ضلع بینظیر آباد میں کچے کے علاقے میں محکمہ جنگلات کی سیکڑوں ایکڑ زمین پر بااثر افراد کا قبضہ ہے۔