کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں 2بم دھماکے ایک شخص جاں بحق 2 ایس ایچ اوز اور2 صحافیوں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے‘ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق
کوئٹہ کے علاقے خیزی چوک جبل نور کے مقام پر نجی ٹرانسپورٹ کمپنی کے قریب بم دھماکا ہوا جس کے تھوڑی دیر بعد پولیس اور صحافی پہنچے تو موٹرسائیکل میں نصب دوسرا بم پھٹ گیا جس میں ایس ایچ او ائرپورٹ نیاز احمد ‘ ایس ایچ او خروٹ آباد نورحسن ‘ نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر ابرار اور کیمرہ مین رحمت علی سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے جبکہ دھماکے میں چھیپا کے اہلکار محمد نعیم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔زخمیوں کو فوری طورپر سول اور بی ایم سی ہسپتال منتقل کر دیا گیا بم دھماکوں کے بعد سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو طلب کر لیا گیا اورشہر میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ۔