لاہور/کراچی (نمائندگان جسارت)لاہور کی احتساب عدالت نے مریم نواز اور ان کے چچا زاد بھائی یوسف عباس کو مزید14 روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کر دیا، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیاگیا جبکہ پیرا گون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں مسلم لیگی رہنمائوں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق پر فرد جرم عاید کردی گئی، نیب کراچی کی ٹیم نے ایل این جی اسکینڈل میں ملوث اہم کاروباری شخصیت اقبال زیڈ احمد کو لاہور سے گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت نے چودھری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ ن کی رہنما و سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور ان کے چچا زاد بھائی یوسف عباس کو مزید14 روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کر دیا۔ سماعت کے موقع پر مریم نواز کوسخت سیکورٹی میں عدالت میں پیش کیا گیا۔ نیب کے تفتیشی افسرنے مریم نواز کے مزید 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ نیب پراسیکوٹر نے کہا کہ بیرون ملک پیسے بھیجنے کے متعلق تحقیقات کر رہے ہیں۔ مریم نواز اور یوسف عباس تاحال منی ٹریل بتانے میں ناکام رہے ہیں۔ مریم نواز کے وکیل نے کہا کہ نیب پہلے دن سے ایک ہی نوعیت کے الزامات لگا کر بلاجوازجسمانی ریمانڈ لے رہا ہے۔ مریم نواز کا منی لانڈرنگ سے کوئی تعلق نہیں ۔ عدالت نے مریم نواز اور یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں 14روزہ توسیع کرتے ہوئے دونوں ملزموں کو 18ستمبر کوپیش کرنے کا حکم دے دیا۔علاوہ ازیں احتساب عدالت لاہور نے اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما و پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا، عدالت نے آشیانہ اور رمضان شوگر ملز کیس میںمسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی بدھ کے روز عدالتی حاضری سے استثناکی درخواست منظور کرلی۔ نیب پراسیکیوٹر نے مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز دوران تفتیش بالکل تعاون نہیں کر رہے۔حمزہ شہباز کے وکلاء نے مزید جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی، تاہم عدالت نے حمزہ شہباز کو14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا تے ہوئے کیس کی مزید سماعت 18ستمبرتک ملتوی کردی۔مزید برآںاحتساب عدالت نے پیرا گون ہاؤسنگ سکینڈل کیس میں مسلم لیگی رہنمائوں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق پر فرد جرم عاید کردی ۔عدالت نے خواجہ برادران کو ریفرنس کی صاف نقول فراہم کردیں۔ خواجہ برادران نے صحت جرم سے انکارکرتے ہوئے نیب کا دائرہ اختیار چیلنج کردیا ،خواجہ برادران کے وکیل نے فرد جرم عاید کرنے کی مخالفت کی اور دستاویزات کا جائزہ لینے کے لیے 7 دن کی مہلت مانگی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 13ستمبرتک ملتوی کرتے ہوئے گواہوں کوشہادتوں کے لیے طلب کرلیا۔ ادھر آر ایل این جی کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، نیب کراچی کی ٹیم نے ایل این جی اسکینڈل میں ملوث ہونے پر کاروباری شخصیت اقبال زیڈ احمد کو لاہور سے گرفتار کرلیا، اقبال زیڈ احمد پاکستان میں ایل این جی پروڈیوسر ہیں،۔نیب ذرائع کے مطابق اقبال زیڈ احمد کو لاہور سے کراچی منتقل کیا جائے گا ۔واضح رہے کہ ایل این جی اسکینڈل کیس میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت ن لیگ سندھ کے جنرل سیکرٹری اور سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق پہلے سے ہی جسمانی ریمانڈ پر نیب راولپنڈی کی حراست میں ہیں۔دریں اثناء لاہور کی احتساب عدالت نے پیپکو اورگیپکو میں غیر قانونی بھرتی اسکینڈل کیس میں سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لے لیے۔ سماعت کے موقع پر راجا پرویز اشرف پیش ہوئے اورکہا کہ گزشتہ سماعت پر ناساز طبیعت کے باعث عدالت پیش نہیں ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی عزت کرتا ہوں اور اپنے خلاف ریفرنس میں ہر پیشی کو یقینی بناتا ہوں، وارنٹ واپس لیے جائیں۔
مریم نواز