اسلام آباد لاک ڈائون: فضل الرحمن نے کمیٹیاں تشکیل دیدیں

129

اسلام آباد (صباح نیوز) سربراہ جمعیت علما اسلام مولانا فضل الرحمن نے اسلام آباد لاک ڈائون کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔ تمام ہم خیال جماعتوں سے رابطوں کے لیے سیاسی کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔ کمیٹیوں کی حتمی منظوری ایم ایم اے میں شامل ہم خیال جماعتوں کے سربراہان سے مشاورت کے بعد دی گئی۔ بیان کے مطابق بدھ کو مرکزی جماعت اہلحدیث کے سربراہ سینیٹر ساجد میر، جے یو پی کے رہنما شاہ اویس نورانی نے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی۔ ایم ایم اے کے رہنماؤں سے مشاورت کے بعد کمیٹیوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔ سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کمیٹیوں کے کوآرڈینیٹر نامزد کیے گئے ہیں۔ کمیٹیوں میں سیاسی رابطہ کمیٹی، سفارتی رابطہ کمیٹی ، میڈیا رابطہ کمیٹی کے علاوہ تاجروں، وکلا اور سول سوسائٹی کے افراد سے ملاقاتوں کے لیے کمیٹیاں کام کریں گی۔ مولانا فضل الرحمن نے کمیٹیوں کے ارکان کو فوری طور پر کام شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔