مئیر سکھر کی نااہلی سے شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکا ہے،جاوید میمن

172

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر ڈیولپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ محرم الحرام کی آمد کے باوجود شہر میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال اور مفلوج نکاسی نظام کے باعث گٹر اور نالیوں کا گندا پانی شاہراہوں پر نکلنا میئر سکھر اور متعلقہ حکام کی نااہلی اور ناکامی کا ثبوت ہے، شہر کے مصروف ترین علاقوں گھنٹہ گھر، بیراج روڈ، اسٹیشن روڈ، حسینی روڈ، فریئر روڈ، جناح چوک، والس روڈ، شالیمار، پرانا سکھر سمیت دیگر علاقوں میں آئے روز گٹر اور نالیوں کا گندا پانی شاہراہوں پر نکل کر تالاب کا منظر پیش کرتا ہے، جس کے باعث شہریوں اور علاقہ مکینوں کو شدید دشواریوں اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اگر فوری طور پر شہر کے مفلوج نکاسی نظام کو درست کر کے صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر نہ بنائی گئی تو محرم الحرام کے بعد ایس ڈی اے کی احتجاجی تحریک کو مزید تیز کر کے احتجاجی مظاہرے، بھوک ہڑتالیں، ریلیاں نکالنے کے علاوہ سکھر میونسپل آفس کا گھیرائو بھی کیا جائے گا جس کی تمام تر ذمے داری میئر سکھر اور متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے اپنے دفتر میں ایس ڈی اے رہنمائوں مولانا عبیداللہ بھٹو، مشرف محمود قادری، غلام مصطفی پھلپوٹو، رضوان قادری، حافظ محمد شریف ڈاڈا، شاہ محمد انڈھڑ، شکیل قریشی، ظہیر بھٹی، ڈاکٹر سعیدا عوان، محمد منیر میمن، زبیر قریشی، شبیر میمن، آغا محمد اکرم حسن شہید، انیس خان، حسن قاضی، صداقت خان ، سید ماجد شاہ، راشد صدیقی و دیگر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ حاجی محمد جاویدمیمن کا مزید کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے ماتمی جلوس کی گزر گاہوں، اہم شاہراہوں کی مرمت اور صفائی ستھرائی اور مفلوج نکاسی نظام کی درستگی کیلیے کسی بھی قسم کا پلان تشکیل نہیں دیا گیا۔ کچرے اور غلاظت کے ڈھیروں سے اٹھنے والے تعفن نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، میئر سکھر صرف بلند و بانگ دعوے کرتے رہتے ہیں جبکہ عملی کام کہیں پر نظر نہیںا ٓرہا۔ ان کا کہنا تھا کہ میئر سکھر، ڈپٹی میئر اور متعلقہ انتظامیہ خواب خرگوش سے بیدار ہوکر شہر کی بہتری، مفلوج نکاسی نظام کی درستگی اور صفائی ستھرائی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں، بصورت دیگر سکھر ڈیولپمنٹ الائنس شہری مسائل کے حل کے لیے شروع کردہ احتجاجی تحریک کو مزید تیز کر کے احتجاجی مظاہرہوں، ریلیوں اور بھوک ہڑتال کے علاوہ سکھر میونسپل کارپوریشن کے آفس کا گھیرائو بھی کریںگے۔