اسلام آباد ( آن لائن ) وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی ناساز طبیعت کو دیکھتے ہوئے وفاقی دارالحکومت میں وزارت داخلہ کے حصول کیلئے وفاقی وزیر شیخ رشیداحمد اور پرویز خٹک نے کوششیں تیز کردی ہیں ۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ وفاقی وزیر ریلوے نے وزیراعظم عمران خان کو یاد دلایا ہے کہ گزشتہ برس مناسب وقت آنے پر انہیں وزارت داخلہ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لہٰذا اب مناسب وقت ہے تاکہ ملک میں امن وامان کی بہتری کیلیے انہیں موقع دیاجائے ۔ شیخ رشید احمد کی طرف سے وزیراعظم کو یہ بھی باور
کروایاگیا ہے کہ وہ اب اپنی آخری سیاسی اننگز کے قریب ہیں اور پی ٹی آئی کے لیے خدمات کو سامنے رکھ کر انہیں وزارت داخلہ دی جائے ۔ ذرائع کے مطابق پرویز خٹک کی طرف سے بھی وزیراعظم کو ان کا وعدہ یاد دلایاگیا ہے کہ خیبر پختونخوا کی وزارت اعلیٰ لیکر انہیں وزیر داخلہ بنانے کا وعدہ کیا گیا تھا لہذا وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی بیماری کو سامنے رکھتے ہوئے اب یہ وعدہ پورا کیا جائے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر وزیرداخلہ کو تبدیل کیا گیا تو ایک بار پھر شیخ رشید احمد کو کڑوی گولی کھانی پڑے گی اور پرویز خٹک جسامت میں کمزور ہونے کے باوجود ان سے بازی لے جائینگے ۔
وزارت داخلہ کیلیے کوشاں