نواب شاہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)کمشنرشہیدبینظیرآباد سید محسن علی شاہ کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر شہیدبینظیرآباد ابراراحمد جعفر نے ضلع میں محرم الحرام کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے رابطے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر نواب شاہ طارق علی سولنگی کی سربراہی میں میڈیا مینجمنٹ کمیٹی قائم کی ہے ،ڈی ایس پی سٹی نواب شاہ مبین احمد پرہیاڑ اور ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن شہیدبینظیرآباد غلام عباس گوراہو کمیٹی کے ارکان ہوںگے۔کمیٹی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ محرم الحرام کے دوران منعقدہ مجالس،جلوس و جلسہ کی متوازن، غیرجانبدارانہ اور شفاف رپورٹنگ کی جائے اور مجالس جلسوں وجلوسوں کے موقع پر ایسی کوئی بات رپورٹ نہ کی جائے جس سے شر انگیزی یا نفرت پھیلنے کا خطرہ ہو۔تمام ٹی وی چینلز اور میڈیا کے نمائندوں کو محرم الحرام کی مجالس جلوسوں وجلسوں کو ڈرون کیمرے ، ہیلی کیم اور کوڈکاپٹراستعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔اس کے علاوہ کمیٹی ایسے تمام بینرز ،پمفلٹس، بروشر ولیف لیٹ کی طباعت ، اشاعت اورتقسیم پر کڑی نظر رکھے گی تاکہ کسی بھی قسم کی نفرت انگیز یا شرانگیز اور مذہبی جذبات بھڑکانے والے مواد کی اشاعت وتقسیم کو روکا جاسکے۔کمیٹی اس بات کو بھی یقینی بنائے گی کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں صرف ضلعی انتظامیہ /ضلع پولیس کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ شائع کیا جائے اور کسی بھی قسم کی متصاد یا غیرتصدیق شدہ خبر نشر یا ریلیز نہ کی جائے۔ کمیٹی محرم الحرام کے دوران میڈیا کے نمائندوں ، ٹی وی چینل اور اخبارات کی نمائندگان کے ساتھ قریبی رابطہ رکھے گی تاکہ محرم الحرام کے دوران ان اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔