کشمیر کا سودا کرنے والوں کو پاکستان میں قبر کی جگہ نہیں ملے گی،سراج الحق

247
اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے حریت رہنما عبدالحمید لون کی قیاد ت میں وفد ملاقات کررہاہے
اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے حریت رہنما عبدالحمید لون کی قیاد ت میں وفد ملاقات کررہاہے

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جس نے بھی کشمیری عوام سے دھوکا اور کشمیر کا سودا کرنے کی کوشش کی اسے پاکستان میں قبر کے لیے بھی جگہ نہیں ملے گی، حکومت اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیر میں امن فوج تعینات کرنے کا مطالبہ کرے،ریڈ کریسنٹ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو فوری طور پر مقبوضہ کشمیر آناچاہیے،شملہ معاہدہ اور لاہور ڈکلیریشن ختم کیا جائے ، ایل او سی پر لگی باڑ کو فوراً گرایا جائے اور آزاد کشمیر کی اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کو نمائندگی دی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حریت رہنما عبدالحمید لون اور مقبوضہ کشمیر کی تمام حریت تنظیموں کے نمائندہ وفدسے اسلام آباد میں ملاقات اور کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان کو وفد نے کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ وفد کے شرکا نے امیر جماعت اسلامی کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں جو قیامت برپا ہے اسے نہ کیمرے کی آنکھ دکھا رہی ہے اور نہ کسی صحافی کا قلم بیان کررہا ہے ۔لوگ مردوں کو گھروں میں دفنانے پر مجبور ہیں ۔کچھ لوگ گولی سے مرتے ہیں اور کچھ بھوک سے ۔بھارتی فوجی اسپتالوں اور گھروں سے لوگوں کو اٹھا کر عقوبت خانوں میں لے جاتے ہیں اور پھر کسی کوخبر نہیں ہوتی کہ وہ زندہ ہے یا مار دیا گیا ہے ۔اکھنڈ بھارت کے نظریے نے کشمیر کو ایک اورکربلا بنا دیا ہے ۔ کشمیر کی اصل صورتحال دنیا سے پوشیدہ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کو رکوانے کے لیے کچھ نہیں کیا جارہا ۔وفد کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی اور پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ہم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شملہ معاہدہ اور لاہور ڈکلیریشن ختم کیا جائے ، ایل او سی پر لگی باڑ کو فوراً گرایا جائے اور آزاد کشمیر کی اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کو نمائندگی دی جائے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیر میں امن فوج تعینات کرنے کا مطالبہ کرے اور ریڈ کریسنٹ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو فوری طور پر مقبوضہ کشمیر آناچاہیے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جس نے بھی کشمیری عوام سے دھوکا اور کشمیر کا سودا کرنے کی کوشش کی اسے پاکستان میں قبر کے لیے بھی جگہ نہیں ملے گی۔ پاکستانی قوم کسی صورت بھی ایسے لوگوں کو برداشت نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ۔ کشمیری پاکستان کی بقا، سا لمیت اور تکمیل کی جنگ لڑرہے ہیں ۔جماعت اسلامی کی جدوجہد کسی دفعہ یا آرٹیکل کی بحالی کے لیے نہیں بلکہ کشمیر کی آزادی کے لیے ہے اور جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوجاتا ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ہمارے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ۔ہم آخری سانس او ر خون کے آخری قطرے تک کشمیر ی بھائیوں کے ساتھ ہیں ۔ پاکستانی قوم اپنے مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔