فیصل آباد (آن لائن)پیپلزپارٹی کے رہنما وسابق وزیرا عظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سیا سی مخالفین کو چور ڈاکو کہنے والا نیازی خود کرپٹ مافیا کا سب سے بڑا حمایتی نکلا، نااہل وزیر اعظم عمران خان ہمیں بتائے ماضی میں قرضے معاف کرنا برا تھا اب کیسے اچھا ہوگیا؟۔ نئے پاکستان میں غریبوں کے لیے معاشی تنگ دستی اور من پسند اشرافیہ کے لیے قرضوں کی معافی ہوگئی، تبدیلی سرکار کی اصلیت اب عوام اور میڈیا کے سامنے بے نقاب ہورہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے اپنی رہائش گاہ پرپارٹی رہنمائوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے جھوٹ، منافقت اور مکاری کے تمام ریکارڈ توڑدیے،قوم سوال کررہی ہے کہ 208ارب روپے کس کے باپ کا پیسہ تھا جو صدارتی حکم پر فوری معاف ہوگیا ؟۔پیپلزپارٹی تبدیلی سرکار کے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام کی شدید مذمت کرتی ہے۔