نوابشاہ (سٹی رپورٹر) نوابشاہ میں مسلسل بارش سے تجارتی مراکز اور اہم شاہراہوں پر پانی کھڑا ہونے کے باعث کچہری روڈ، لیاقت مارکیٹ، موہنی بازار اور دیگر تجارتی مراکز دن بھر بند رہے جبکہ دیگر سرکاری کالونیاں، نشیبی علاقے اور محلے تالاب بن چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے رین ایمرجنسی کے احکامات پس پشت ڈال دیے گئے ہیں، پانی گھروں، محلوں میں جمع ہے، ڈرینج کا نظام مکمل طو رپر مفلوج ہوچکا ہے سینیٹری ورکرز اور خاکروب موجود نہیں ہیں شکایتی سیل قائم نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو مشکلات درپیش ہیں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے سے معمولات زندگی مفلوج ہوگئے ہیں بارش کے باعث علاقے کے کئی قصبوں اور دیہات کی بجلی بارش کا پہلاقطرہ گرتے ہی معطل ہوگئی موسلادھاربارش کے باعث نوابشاہ سے ملحقہ شہروں قصبوں ودیہات میں درخت، چھپرے، سائن بورڈز، ہورڈنگز گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں جام صاحب روڈ، تاج کالونی، کاملا کالونی اور دیگر علاقوں میں برساتی اور سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے کئی گھر زیر آب آگئے جبکہ کاروباری اورتجارتی مراکز بھی پانی میں گھرے ہوئے ہیں تیزبارش کے دوران دوردراز کے نشیبی علاقوں سے لوگ نقل مکانی کرنے لگے، بارش کے باعث پھٹی، مرچ اور ٹماٹر کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ نوابشاہ اورزیریں سندھ کے دیگرعلاقوں میں کئی روزسے جاری بارش کے باعث پہلے سے متاثرہ زراعت پیشہ طبقہ مزید متاثر ہوا ہے جس کی وجہ سے کاشت کار معاشی بدحالی کا شکار ہوگئے ہیں۔