بھارت کو اقوام متحدہ اور یورپی یونین میں منہ کی کھانی پڑی،شاہ محمود قریشی

286

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ بھارت کو اقوام متحدہ ،یورپین یونین اور مشرقی وسطیٰ میں منہ کی کھانی پڑی۔ان کے بقول خلیجی ممالک مسئلہ کشمیرپرپاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔2 روزہ دورہ سندھ سے واپسی پرکراچی میں جناح انٹرنیشنل ائر پورٹ پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ایران، ترکی اور دیگرممالک نے بھارت کے خلاف آواز اٹھائی،انسانی حقوق کی تنظیمیں بھارت کو سخت تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیرکے لوگوں کی زندگی تنگ کردی ہے،28 دن سے مقبوضہ وادی کو جیل بنا رکھا ہے، حریت رہنما نظربند ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے لیے فضائی حدود بند کرنے کے معاملے پر بات چیت جاری ہے،فیصلہ وزیراعظم کریںگے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یورپ کو مسئلہ کشمیر پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، امید ہے یورپین پارلیمنٹ میں کشمیر کے حوالے سے آواز اٹھائی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تمام اقلیتی برادری کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کا تحفظ حکومت کی ذمے داری ہے۔وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ کرتار پور کوریڈور کا 80فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔