ننکانہ صاحب / لاہور(صباح نیوز) وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ایٹمی جنگ نہیں چاہتا، بھارت سن لے پاکستان کے پاس پائو اور آدھا پائو کے بھی بم ہیں جنہیں کہاں استعمال کرنا ہے ہمیں معلوم ہے۔ ننکانہ صاحب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں کشمیر کے ایشو کو پوری دنیا میں اجاگر کریں گے۔ کسی نے پاکستان پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی تو یہ ہماری آخری جنگ ہو گی، پاکستان ہماری زندگی اور موت کا سوال ہے،بھارت نے 2 بڑی غلطیاں کی ہیں اور بات چیت کا کوئی راستہ باقی نہیں چھوڑ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت ایٹمی دھماکا نہ کرتا توپاکستان ایٹمی طاقت نہ بنتا، ہم ایٹمی جنگ نہیں چاہتے مگر ہمارے پاس پائو اور آدھا پائو کے بھی بم ہیں جنہیں کہاں استعمال کرنا ہے ہمیں معلوم ہے ، بھارت جیسا ماحول چاہے گا ہم وہی ماحول بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی حل ہونا ہے، بھارت نے بہت سوچھ سمجھ کر فیصلہ کیا ہے جبکہ نریندر مودی آر ایس ایس کے نظریے پر چلتا ہے۔ شیخ رشید احمد نے ننکانہ ریلوے اسٹیشن کا نام تبدیل کر کے بابا گورو نانک ریلوے سٹیشن رکھ دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور سے شورکوٹ تک نئی ٹرین چلائی جائے گی جس کا نام بابا گورونانک ہو گا۔ علاوہ ازیںوزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیر ریلوے شیخ رشید نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام پر بھارتی ظلم و ستم کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے ظلم و ستم کی تاریخ دہرا کر ہٹلر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ۔اس موقع پر وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا کشمیریوں کے ساتھ ہے، پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے، پاکستان اورکشمیر ایک ہی لڑی میں پروئے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مودی کو اپنے غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام پر منہ کی کھانا پڑے گی۔