کوئٹہ(آن لائن) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کو چلانا چاہتے ہیں تو ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کانفرنس بلائی جائے جس میں تمام قوتوں کو شامل کیا جائے اگر ملک کو آئین کے تحت چلانا ہے ساتھ دیں گے اور اگر ملک کوئی اور چلائے گا تو ہم گھر بیٹھیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے غیر ملکی خبررساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے کیا محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی ملک میں آئین اور جمہوریت کی بالادستی چاہتی ہے جب تک ملک میں آئینی حکومت نہیں ہوگی اس وقت تک مسائل حل نہیں ہونگے اس کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا جب سیاسی فوجی اور جج حلف اٹھاتے ہیں تو ان سب کو آئین کا احترام کرنا چاہیے جب ملک کو خطرہ ہوتا ہے تو دفاع کریں گے فوج کا کام سیاست میں مداخلت نہیں بلکہ بارڈر سنبھالنا ہے جب تک فوج کی سیاست میں مداخلت بند نہیں ہوتی اس وقت تک یہ ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک انارکی اور خانہ جنگی کی طرف جارہا ہے ان میں ان قوتوں کا کردار ادا جو اس ملک کو چلانا نہیں چاہتے کشمیری عوام سے نہ پاکستان نے اور نہ بھارت نے پوچھا ہے جب فاٹا اور بلوچستان کے کچھ علاقوں کو ملک بننے کے بعد زبردستی شامل کیا گیا تو ان کو راستہ دیا گیا اور انہوں نے بھی مقبوضہ کشمیر کو اس ایکٹ کے تحت شامل کیا جس ایکٹ کے تحت ہمارے حکمرانوں نے ان علاقوں کو شامل کیا تھا جن کا الحاق نہیں تھا پشتونوں کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لئے جلد جرگہ بلائیں گے اور تمام پشتون قیادت سے اس بارے میں بات بھی کی ہے۔