کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کی ایک اور چوری پکڑی گئی ہے، (ن) لیگ کی جانب سے پنجاب مویشی منڈی میں 5 ارب روپے کی کرپشن سامنے آگئی ہے ،اس چوری میں جو لوگ ملوث تھے ان کی لسٹ بنا دی گئی ہے ،یہ کیس ہم نیب اور ایف آئی اے کو بھیج رہے ہیں ،تمام چیزیں تحریری طور پر موجود ہیں،چاہیں تو کچھ دن میں فیصلہ ہوسکتا ہے اور وہ لوگ جو جیل کے امیدوار ہیں وہ لوگ مستقل امیدوار بھی بن سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اپنی رہائش گاہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس میں فیصل واوڈا نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمدشہباز شریف کو ہدف تنقید بنایا اورکہا کہ شہباز شریف نے اپنے دور میں پنجاب میں 56 جعلی کمپنیاں بنائیں، ان 56 کمپنیوں کے علاوہ بھی 12 کمپنیاں بنائی گئی تھیںاور ان جعلی کمپنیوں کی آڑ میں اربوں روپے کی بے ضابطگیاں کی گئیں۔ان کا کہنا تھاکہ ان کمپنیوں سے ہر ماہ حمزہ شہباز نے 35 سے 40 کروڑ روپے کمائے،ان دستاویزات کے بعد بھی یہ آزاد گھوم رہے ہیں یہ لوگ بتائیں کہ اقتدار میں آنے سے پہلے ان کی کیا اوقات تھی،یہ گھٹیا قسم کے چور ہیں، گزشتہ دور میں قومی خزانے کو انتہائی بے دردی سے لوٹا گیا۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ مویشی منڈی سے 5 ارب کی کرپشن و چوری کا طریقہ بڑا انوکھا ہے اسے پلان کرنے کے لیے کرمنل دماغ چاہیے یہ لوگ جدی پشتی خاندانی بے ایمان ہیں ،مویشی منڈی کا کنٹریکٹ پنجاب حکومت کے پاس تھا جس سے پنجاب حکومت کو 3ارب روپے کی انکم مل رہی تھی اس سلسلے میں انہوں نے کئی جعلی کمپنیاں بنائیں اور من پسند لوگوں کودیں۔ انہوں نے کہا کہ اس میں ایک آدمی وہ ہے جس نے 38 قتل کیے ہیں اور کھلے عام گھوم رہا ہے لیکن جو عام شخص ہے جیب کترا ہے وہ کئی سال سے جیل میں پڑ رہا ہے ،شہباز شریف اس بات کو نوٹیفائی کرتے ہیں کہ 5 ارب کا ٹیکہ صرف اس چھوٹے سے ڈپارٹمنٹ سے لگا ہے پاکستان میں اسطرح کے کتنے ہی شعبہ جات ہونگے جہاں کیا کچھ ہورہا ہوگا اگر روزانہ کی بنیاد پر اس طرح کا پیسہ مختلف جگہوں سے آئے تو 30 سے 35 کروڑ روپے کی انکم بنتی ہے ان لوگوں کو جب تک گلے سے نہیں پکڑا جائے گا قانون میں کچھ نہیں ہوگا تب تک یہ آزاد پھرتے رہیں گے۔ فیصل واوڈا نے (ن) لیگی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو خیرات کے نیکلس بیوی اور بچوں کو تحفے میں دیتے ہیں اپنے رشتے اور گھر کے اخراجات سرکاری پیسے سے چوری کرکے چلاتے ہیں ان کے کپڑے بھی عوام کے پیسوں کے ہیں ہم اس سلسلے میں نیب اور ایف آئی اے کو لکھ رہے ہیں اگر ہمارا قانون حرکت میں آجائے تو ان لوگوں کو جیل کے ساتھ سزا بھی ہو جائے۔