حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) جئے سندھ محاذ اور نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی سندھ کی جانب سے تارکین وطن کی آباد کاری اور وسائل کی لوٹ مار کیخلاف 6اکتوبر کو کراچی میں تحفظ سندھ احتجاجی مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں جئے سندھ محاذ کے چیئرمین ریاض علی چانڈیو، وائس چیئرمین نواز شاہ اوردیگر نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سندھ میں بیروزگاری، بدامنی ، تارکین وطن کی آبادکاری اور مسائل کی ذمے داری آصف زرداری اور اقتدار میں موجود جماعتوں پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی کی حکومت نے سویلین مارشل لا مسلط کیا ہوا ہے، ملک میں سیاسی کارکنوں، عدالتوں اور قوانین نے عوام دوست قوتوں کو مسلسل خوفزدہ کیا جارہا ہے۔ پارلیمنٹ اور عدلیہ کی عمارت تو موجود ہے لیکن انہیں آئینی مینڈیٹ سے محروم بنادیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے قیام کے وقت ملک میں موجود قوموں کی جدوجہد سے مسلسل انکار کیا گیا ۔ آصف زرداری کو لوٹ مار کا مکمل اختیار دیدیا گیا۔ نواز شریف کو اقتدار میں لایا گیا پھر ان کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہاکہ سیاستدان اور افسران سندھ کے لوگوں کو بیدردی سے استعمال کررہے ہیں ، آصف زرداری، فریال تالپور، مراد علی شاہ اور دیگر جوکہ نیب کی پیشیاں بھگت رہے ہیں جوکہ سندھ کے بڑے قبضہ گروپ اور بااثر شخص ملک ریاض سے ملے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ افغانیوں اور روہنگیائی مسلمانوں سمیت دیگر تارکین وطن کو سندھ میں لاکر آباد کیا گیا ہے ۔ بہاری، بنگالی بھی سندھ میں آباد کیے جاتے ہیں جو سندھ کے وسائل کو لوٹ رہے ہیں۔