لاکھوں کشمیریوں کی زندگی خطرے میں ہے،ریاست اقدامات کرے،سراج الحق

172

کراچی (نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یکم ستمبر کو شاہراہ فیصل پر ہونے والے تاریخی اور عظیم الشان ’’آزادی کشمیر مارچ ‘‘ کے سلسلے میں شاہراہ فیصل پر قائم مرکزی کیمپ کا دورہ کیا اور مارچ کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، سیکرٹری کراچی عبد الوہاب ، نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی انتظامی کمیٹی کے انچارج انجینئر صابر احمد ودیگر بھی موجود تھے ۔اس موقع پر سینیٹر سراج الحق نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کے عوام سے اپیل کی ہے کہ عوام مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور ان کے حوصلوں کو بلند کرنے کے لیے شاہراہ فیصل پر ’’آزادی کشمیر مارچ ‘‘میں بھرپور شرکت کریں ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت کشمیر میں کئی ہفتوں سے مکمل کرفیو ہے ، بھارتی فوج گھروں میں چھاپے مار کر نوجوانوں کو گرفتار کررہی ہے اور عورتوں کی بے حرمتی بھی کی جارہی ہے، لاکھوں کشمیری مکمل محصور ہیں اور ان کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں، کھانے پینے کی اشیاء ختم ہوچکی ہیں ،ٹیلیفون اور موبائل سے رابطہ مکمل طور پر بند ہے ، اسکول ،کالجز ، دفاتر ، بازار سمیت پوری شہری زندگی ختم ہوگئی ہے ان سب مظالم کے باوجود کشمیری عوام اپنے حق کے حصول کے لیے مزاحمت کرنے پر مجبور ہیں ،اس نازک صورتحال میں ریاست کی ذمے داری ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے لیے بھرپور اقدامات کرے ۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے سینیٹر سراج الحق کو مارچ کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی اور کہاکہ نوجوانوں میں بڑا جوش وخروش پایا جاتا ہے ، مارچ کے سلسلے میں علمائے کرام ، اساتذہ ، طلبہ ، ڈاکٹرز ، انجینئرز ،وکلا، سول سوسائٹی سمیت مختلف طبقہ فکر سے وابستہ افراد کو شرکت کی دعوت دی جاچکی ہے جس پر تمام لوگوں کی جانب سے تائید اور حمایت کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مارچ میں شہر کے بیشتر مقامات سے قافلوں اور جلوسوں کی صورت میں عوام شریک ہوں گے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں گے ،’’آزادی کشمیر مارچ‘‘ ’’غزہ ملین مارچ ‘‘ سے بھی بڑا اور تاریخی مارچ ثابت ہوگا ۔
سراج الحق