راولپنڈی (صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی آپریشنز نے پاک فوج کو جنگ کے لیے سخت جان کردیا ہے۔آئی ایس پی آرکے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے کور ہیڈکوارٹرز لاہور اور پنجاب رینجرز کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔دورے کے موقع پرجنرل قمرباجوہ کو سرحدوں کی صورتحال اور فوج کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر جوانوں اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ انہیں فوج کے افسروں اور جوانوں پر فخر ہے جو قوم کی توقعات پر پورا اترے، ہم اپنے ارادوں میں ثابت قدم ہیں۔یاد رہے کہ ایک روز قبل بھی آرمی چیف
نے گوجرانوالہ کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا۔ دورے کے دوران آرمی چیف کو بریفنگ بھی دی گئی تھی۔گوجرانوالہ ہیڈ کوارٹرز دورے کے دوران آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قوم کا کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی دنیا کے لیے پیغام ہے۔ مقبوضہ کشمیرکی صورتحال خطے میں امن کے لیے خطرہ ہے۔