لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث اور مطلوب 13 ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات، موٹرسائیکل، موبائیل فونز اور نقدی برآمد کرلی۔ دڑی پولیس نے دوران چیکنگ ملزم ثنااللہ ابڑو کو آدھا کلو چرس سمیت، ڈوکری پولیس نے دوران چیکنگ دو ملزمان دیدار ڈکہن اور گل حسن ڈکہن کو ہیروئن سمیت، سول لائن پولیس نے دوران چیکنگ لہر کالونی سے ملزم علی رضا جتوئی کو بھنگ سمیت، اسی تھانہ کی پولیس نے کیٹی ممتاز تھانے کے مقدمے میں مطلوب ملزم لطیف کھڑو کو، یونیورسٹی پولیس نے دوران چیکنگ ملزم فرحان گوپانگ کو چرس سمیت، عاقل پولیس نے جوا کے اڈے پر سات جواریوں اللہ ودایو، سرور، راشد، امتیاز، باسط، صالح اور اکبر ودہو کو نقدی اور موبائل فونز سمیت گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب سول لائن پولیس نے شہری رابیل کھوسو کا موبائل فون جبکہ یونیورسٹی پولیس نے شہری رسول بخش مگریو کی موٹر سائیکل برآمد کرکے مالکان کے حوالے کردی۔ اسپیشل جج نارکوٹکس و ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاڑکانہ اقبال حسین میتلو کی عدالت نے ڈوکری تھانے کے مقدمے میں نامزد ملزم رمضان ولد ذوالفقار مگسی کو 5 کلو چرس رکھنے کا جرم ثابت ہونے پر 3 سال قید اور 50 ہزار جرمانے کی سزا سنادی ہے۔ جرمانے کی رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم مزید 6 ماہ قید کاٹے گا۔ دوسری جانب سزا کے بعد پولیس نے ملزم کو لاڑکانہ سینٹرل جیل منتقل کردیا۔