لاہور(نمائندہ جسارت)وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ مرکز میں مسلم لیگ (ن) ٹو بننے جا رہی ہے تاہم اس کی قیادت شہباز شریف کرتے ہیں یا چودھری نثار کچھ نہیں کہہ سکتا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ(ن)لیگ ٹو بننے جا رہی ہے، میں نے پہلے بھی کہا ہے شہبازشریف میری پارٹی کا آدمی ہے،(ن)لیگ ٹو کی قیادت شہباز شریف کرتے ہیں یا چودھری نثار کچھ نہیں کہہ سکتا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کسی صورت این آراو نہیں کرے گا، آصف زرداری نہیں چاہ رہے لیکن پی پی کے چند دوست اور خیرخواہ کچھ ادائیگی کرنے اور دینے دلانے کے لیے تیار ہیں، نوازشریف کے لوگوں کو بھی اس راستے کا انتخاب کرنا چاہیے، (ن) لیگ بھی کچھ دینے پر تیار ہو جائے تو بات بن سکتی ہے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ آرمی چیف سے کہا ہے کہ پونچھ راولا کوٹ بس کیوں کھولی ، لوگوں کے جذبات متاثر ہورہے ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ وہاں ہمارے 65 پاکستانی تھے جنہیں لانا ضروری تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سمجھوتا ایکسپریس اور تھر ٹرین جب تک میں زندہ ہوں نہیں چلے گی،سمجھوتا اور تھر ایکسپریس کا مجھے پتا ہے کیا ہے، یہ سب وہ لوگ ہیں جو سمجھوتا میں منشیات کا کام کرتے تھے، ادھر سے بھی اور ادھر سے بھی، جو اکا دکا سواری ہے وہ آئے میں بس میں بٹھاکر اسے چھوڑ آتا ہوں، پیسے اپنی جیب سے دوں گا۔شیخ رشید نے کہا کہ اگر بھارت آزاد کشمیر یا لاہور کی طرف بڑھے گا تو ہم نے اس کے لیے اسمارٹ بم رکھے ہوئے ہیں،آپ ہماری طرف آئیں ہمارے پاس ہر طرح کا مصالحہ ہے، مسئلہ کشمیر پر تمام سیاسی جماعتیں ایک ہونے جارہی ہیں، لانگ مارچ میں میرے ساتھ فضل الرحمن بھی شریک ہوں گے۔
شیخ رشید