شاہ محمود قریشی کے تنازع کشمیر پر سعودی عرب ، کورین ہم منصبوں سے رابطے

406
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کراچی آمد پر میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کراچی آمد پر میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

کراچی/ اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر+ مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے تنازع کشمیر پر سعودی عرب اور جنوبی کوریا کے وزرائے خارجہ سے رابطے، ٹیلیفون کرکے کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔شاہ محمود نے پوری پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے وزیر اعظم عمران خان کی کال پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا مثالی مظاہرہ کیا ہے،تاریخ گواہ ہے کہ جب جب پاکستانی قوم جاگی ہے اسے کوئی جھکا نہیں سکا،بھارت کا فاشسٹ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب عادل الجبیر اور جنوبی کوریا کی وزیر خارجہ کانگ کیونگ وہا کو فون کیا اور بتایا کہ بھارت نے غیر قانونی یکطرفہ اقدامات سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی اور جبراً مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔شاہ محمود نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 25 روز سے مسلسل کرفیو نافذ ہے، خوراک و ادویات کی شدید قلت پیدا ہوچکی، ذرائع مواصلات پر مکمل پابندی عاید کردی گئی،جبکہ عید، نماز جمعہ کی ادائیگی تک نہیں کرنے دی گئی، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں سنگین خلاف ورزیوں کی نشاندہی کررہی ہیں، بھارتی یکطرفہ اقدامات عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہیں، بھارتی جارحیت روکنے کے لیے عالمی برادری مؤثر کردار ادا کرے۔سعودی وزیرخارجہ نے مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں قیام امن کے لیے روابط کاسلسلہ جاری رکھنے پراتفاق کیا۔جنوبی کوریا کی وزیر خارجہ نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی انسانی حقوق کی پامالی اہم مسئلہ ہے جس کا سدباب ہونا چاہیے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں کورین حکومت سے مؤثر کردار کی توقع ہے۔علاوہ ازیںکراچی ائرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے پوری قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ قوم نے وزیر اعظم عمران خان کی کال پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا مثالی مظاہرہ کیا ہے،تاریخ گواہ ہے کہ جب جب پاکستانی قوم جاگی ہے اسے کوئی جھکا نہیں سکا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہر شہر، ہر قصبے اور ہر صوبے سے جو اطلاعات آ رہی ہیں وہ انتہائی حوصلہ افزا ہیں جمعہ کوملک بھر میں احتجاج سے نہتے کشمیریوں کو یہ واضح پیغام دیا گیا ہے کہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ اس جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ قیادت کا یہ فرض ہوتا ہے کہ وہ قوم کو حقائق بتائے اور ہم قوم کو حقائق سے آگاہ کر رہے ہیں،ہم دنیا بھر کے سامنے بھارت کا فاشسٹ چہرہ بے نقاب کر رہے ہیں اور جیسے جیسے بھارت کا فاشسٹ چہرہ بے نقاب ہو رہا ہے پوری قوم میں شعور بیدار ہو رہاہے۔