سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر موٹر ورکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین شفیق آرائیں نے کہا ہے کہ ضلع و میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کے عوامی مسائل سے پہلو تہی کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، شہری مسائل کی دلدل میں دھنس رہے ہیں، رہائشی و تجارتی علاقوں میں آوارہ و خطرناک کتوں کی بہتات کی وجہ سے سگ گزیدگی کے واقعات میں اضافہ ہونا متعلقہ اداروں کے افسران کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ شہر بھر میں ہنگامی بنیادوں پر کتا مار مہم شروع کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں شہریوں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر دوست محمد جاگیرانی، نثار راجپوت، اصغر علی بھٹی، نعیم مغل، احسان بندھانی و دیگر بھی موجود تھے۔ استاد شفیق آرائیں نے کہا کہ طویل عرصے سے شہر میں کتا مار مہم شروع نہ کرنے کے باعث گلی و محلوں میں کتوں کی بہتات ہوگئی ہے، ٹولیوں کی شکل میں گھومنے والے کتے لوگوں بالخصوص بچوں کو کاٹ کر زخمی کررہے ہیں۔ پرانا سکھر، شالیمار، ریجنٹ سینما، والس روڈ، نواں گوٹھ، نیوپنڈ، سوسائٹی، گولیمار سمیت دیگر علاقوں میں کتوں کی بھرمار کے باعث لوگ خوفزدہ ہیں۔ لوگوں نے اپنے بچوں کو اکیلے گھروں سے نکلنا بھی بند کردیا ہے، جبکہ رات کے اوقات میں مذکورہ علاقوں میں لوگوں کو آمد و رفت میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے کتوں کی بہتات کا کوئی نوٹس نہیں لیا جارہا، جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کمشنر سکھر، ڈپٹی کمشنر، میئر سکھر، میونسپل کمشنر و دیگر افسران سے اپیل کی کہ نوٹس لے کر شہر بھر میں ہنگامی بنیادوں پر کتا مار مہم شروع کی جائے تاکہ سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکا جاسکے۔