لاڑکانہ، اپنے بیٹے کو قتل کرنے والے انسپکٹر کو گرفتار کرلیا گیا

202

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) مارکیٹ تھانہ کی حدود ریشم بازار میں نشے کے عادی پولیس انسپکٹر نے تشدد کر کے اپنے 17 سالہ بیٹے کو قتل کردیا تھا، پولیس نے کارروائی کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ مارکیٹ تھانہ کی حدود میں پولیس انسپکٹر اللہ ڈنو سانگی نے تشدد کرکے اپنے 17 سالا نوجوان بیٹے ساگر کو قتل کردیا تھا، جس کے بعد ملزم فرار ہوگیا تھا، اہلخانہ کی جانب سے متعلقہ پولیس کو واقع کی اطلاع دی گئی تھی، جس پر پولیس نے کارروائی کا آغاز کردیا تھا۔ ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود بنگش کے مطابق اپنے بیٹے کو قتل کرنے والے انسپکٹر کو گرفتار کرلیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے چند سال قبل بھی نشے میں دھت ہو کر اپنے ہی ملازم کے سر پر گلاس رکھ کر نشانہ لگاتے ہوئے اسے قتل کردیا تھا۔ ملزم سے تفتیش جاری ہے، تاہم مقتول ساگر کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد آبائی گائوں حضوری سانگی میں تدفین کی جاچکی ہے۔ ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش نے فرائض میں غفلت اور عوامی شکایات پر سابقہ ایس ایچ او تھانہ وومین لیڈی انسپکٹر نوکری سے برطرف کردیا ہے۔ ایس ایس پی نے کہا ہے کہ فرائض میں غفلت کسی بھی صورت برداشت نہیں، پولیس افسران و اہلکاروں اپنی ڈیوٹیاں بہتر طریقے سے ادا کریں، بصورت دیگر ان کیخلاف محکمانہ کارروائی کرکے سزائیں دی جائیں گی۔