مسئلہ کشمیر پر اپوزیشن نے بڑے پن کا ثبوت دیا ہے، شاہ محمود قریشی

211

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات کے باوجود مسئلہ کشمیر پر پوری قوم یکجا ہے،پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں متفقہ قرارداد منظور کرواکے اپوزیشن نے بڑے پن کا ثبوت دیا ہے،حکومت تنہا ایسے حالات سے نبرد آزاما نہیں ہو سکتی، آج پورے ملک میں آدھے گھنٹے کے لیے کشمیریوں کے ساتھ یوم یکجہتی منایا جائے گا، بھارت کان کھول کر سن لے پاکستان جھکنے والا نہیں، کشمیری تنہا نہیں ، مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی تجدید ہو گئی ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو ایوان بالا میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بحث سمیٹتے ہوئے کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور کشمیریوں نے بھارت کے غیر قانونی اقدام کو مسترد کر دیا ہے۔ مودی کے اقدام پر بھارت میں بھی آج تقسیم نظر آ رہی ہے اور یہ بھارتی سپریم کورٹ کا بھی امتحان ہے جس نے مختلف پٹیشنز پر نوٹس جاری کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے سینیٹ کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم مایوس نہ ہو جب جذبہ عظیم ہوتا ہے تو 313 بھی مخالفین پر حاوی ہوتے ہیں،انسانی حقوق کونسل کا اجلاس 9 ستمبر سے شروع ہو رہا ہے جس میں ہٹلر کے جانشیں مودی کا چہرہ بے نقاب کریں گے، عالمی عدالت سے رجوع کرنے کے معاملے پر غور ہو رہا ہے۔ وزیراعظم برادر اسلامی ممالک سمیت کئی مملکت سربراہان سے مسئلہ کشمیر پر گفتگو کر چکے ہیں۔کشمیریوں تک ہماری آواز پہنچ رہی ہوگی، وہ تنہاء نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 3 ستمبر کو ہائیڈ پارک سے بھارت کے ہائی کمیشن تک جلوس تاریخ رقم کرے گا اور کشمیری اور پاکستان سرخرو ہوں گے۔