آصف زرداری کی طبیعت ناساز، پمز اسپتال منتقل کردیا گیا

205

اسلام آباد (آن لائن) آصف علی زرادری کو سخت سیکورٹی حصار میں جیل سے پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سابق صدر کو بکتر بند گاڑی میں پمز کے کارڈیک سینٹر میں لایا گیا۔ سیکورٹی کے پیش نظر آصف علی زرداری کو پمز اسپتال کے بیک گیٹ سے لایا گیا، 4 رکنی میڈیکل ٹیم پمز کے کارڈیک سینٹر میں موجود ہے۔ میڈیکل بورڈ نے گزشتہ ہفتے آصف زرداری کو اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی تھی، میڈیکل بورڈ کی سفارشات کو گزشتہ ہفتہ وزارت داخلہ کو بھجوایا گیا تھا۔ علاوہ ازیں احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج شاہ رخ ارجمند کی عدالت نے جعلی اکائونٹس کیس میں نیب کو سابق صدر پاکستان آصف زرداریسمیت گرفتار ملزمان اسلم مسعود، حسین لوائی، بلال شیخ، مصطفی ذوالقرنین سے جیل میں تفتیش کی اجازت دے دی،عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے حکم دیاکہ 31 اگست کو جیل میں شریک ملزمان سے 2 گھنٹے کے لیے تفتیش کر سکتے ہیں۔ مزید برآں عدالت نے آصف زرداری کوسہولیات کی فراہمی سے متعلق جیل انتظامیہ سے جواب طلب کرتے ہوئے وکلا کو آصف زرداری سے ملاقات کی اجازت دیدی۔