اقوام متحدہ نے مسائل کبھی حل نہیں کیے،اکتوبر ،نومبر میں جنگ دیکھ رہا ہوں،شیخ رشید

172

راولپنڈی(آن لائن)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ رواں سال کے آخر تک پاک بھارت جنگ ہوسکتی ہے۔قوم جنگ کیلیے تیار رہے۔کشمیریوں کا ساتھ دینا ہے۔اقوام متحدہ نے مسائل کبھی حل نہیں کیے۔ہماری افواج کے فائنل رائونڈ کا وقت آگیا۔ فاشسٹ مودی کے راستے کی رکاوٹ صرف پاکستان ہے۔عرب ممالک کے پیٹرول پمپ والے نہیں چین جیسا دوست ساتھ کھڑا ہے ۔بدھ کو پنجاب گروپ آف کالجز کے زیر اہتمام یوم اظہار یکجہتی کشمیر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پچھلے 23 دنوں سے سفاک مودی نے دنیا میں عجیب سماں بنا دیا ہے۔کشمیر کی پرفضا وادیاں آگ اور خون کی وادیوں میں بدل سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 10جنگیں ہوچکی ہیں یا ان کے قریب سے لوٹے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ
میں قوم کوجنگ کیلیے تیار کرنے کیلیے نکلا ہوں، ہمیں کشمیریوں کا ساتھ دینا ہے ورنہ تاریخ معاف نہیں کرے گی اور قائد اعظم کا خواب پورا نہیں ہوگا۔ ہمارے دفاعی اقتصادی مسائل ہیں لیکن 130 ملین ایسے جوان ہیں جو پاکستان اور اسلام پر مرتے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ اقوام متحدہ نے مسائل کو کبھی حل نہیں کیا، سیاستدان وہ ہوتا ہے جو مستقبل کو جانتا ہے، یہ گھی سیدھی انگلی سے نہیں نکلے گا۔انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے 72 سال سے جو تیاریاں کی ہیں اس کے فائنل رائونڈ کا وقت آگیا ہے، فاشسٹ مودی کے راستے کی رکاوٹ پاکستان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چاہ بہار جانے کے لیے گوادر اس کے راستے میں حائل ہے، ہماری خوش قسمتی ہے چین جیسا دوست ہمارے ساتھ ہے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ کل بھی چین کے جنرل کی جنرل باجوہ سے ملاقات ہوئی، ساری دنیا ہمارے ساتھ ہے لیکن پیٹرول پمپ والے ہمارے ساتھ نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تقسیم سازش کے تحت کی گئی تاکہ ہم مسائل سے نہ نکل سکیں۔ مولانا فضل الرحمان صاحب وقت آنے پر سمجھ جاتے ہیں دینی مدرسے اسلام کا قلعہ ہیں ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمارے ساتھ چین جیسا دوست کھڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ عرب ممالک کے پیٹرول پمپ والے نہیں بلکہ سڑکوں والے ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔
شیخ رشید