پی ایم سی اسپتال نوابشاہ میں ادویات کی کمی دور کی جائے، سرور احمد

180

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) جماعت اسلامی ضلع نوابشاہ سرور احمد قریشی نے پی ایم سی اسپتال نوابشاہ پرجوڈیشل انکوائری قائم کرنے کا مطالبہ کردیا، سول اسپتال کی بدترین صورتحال پر جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ادویات کی کمی و صفائی کی ناقص صورتحال، ادوایات کی عدم دستیابی، طبی آلات کا جان بوجھ کر بند کردینا، ٹیکنیشن نہ ہونے کا بہانہ اور نجی تجربہ گاہوں سے مختلف ٹیسٹ کروانے کے لیے غریب عوام کو مجبور کرنا ظلم و زیادتی کے مترادف ہے۔ نوابشاہ ضلعی انتظامیہ و چیئرمین ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی بینظیر آباد ہیلتھ کمیٹی کے ممبران سے معلوم کیا جائے کہ عوام کی صحت کے لیے مقرر ہونے والا بجٹ کہاں خرچ یوتا ہے۔ آئی سی یو، بچوں کے نگہداشت، میڈیکل، گائنی، ایمرجنسی وارڈ، لیبارٹری اور دیگر شعبوں کی تفصیلی رپورٹ عوام کے سامنے لائی جائے۔ بتایا جائے کہ اسپتال میں ادویات کی کمی کے علاوہ صفائی کی مد میں خطیر رقم خرچ کرنے کے باوجود صورتحال ناقص ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ماہ ادویات کی خریداری کے لیے فہرست بنا کر ہیڈ آفس کو ارسال کی جاتی ہے وہ ہر وارڈ میں چسپاں کی جائے اور جو ادویات موجود ہوں ان کی بھی لسٹ آویزاں کی جائے تاکہ بے نظیر آباد ودیگر اضلاع سے آنے والے مریضوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم ہوسکیں۔ امیر جماعت اسلامی ضلع نوابشاہ سرور احمد قریشی نے مزید کہا کہ سول اسپتال نوابشاہ میں آرتھو اوٹی تو تعمیرات کی وجہ سے بند ہونے سے مریضیوں کوپریشانی کا سامنا ہے اس کی جگہ کوئی اور اوٹی فراہم نہیں کی گئی۔ سول اسپتال کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا مقصد ضلع میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے اور مانیٹرنگ کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایم سی اسپتال میں لیبارٹری، فارما کو بہتر بنانے کا کام اولیت کی بنیاد پر کیا جائے۔ ایم ایس کی تجاویز پر نئی اسکیمیں بنائی جائیں اور لفٹ مشینوں کو فعال بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک ہیلتھ اور میونسپل کمیٹی کے افسران کو اسپتال میں پینے کے پانی کی فراہمی کے علاوہ نکاسی آب کے مسائل کو فوری حل کیا جائے۔ اس سلسلے میں آنے والی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ہر ممکن دستیاب وسائل بروئے کار لانے چاہیے۔