پرویز اشرف کا نام  ای سی ایل سے نکالنے  کی درخواست پر نیب کو نوٹس

178

اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر نیب کو
نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 ستمبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بینچ نے راجا پرویز اشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کی۔ دریں اثنااسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں گرفتاری کے بعد اڈیالہ جیل میں قید فریال تالپور کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی اجازت دینے سے متعلق درخواست نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کو لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دیاہے۔ علاوہ ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے جج وڈیو کیس میں گرفتار مرکزی ملزم میاں طارق کے مبینہ طور پر لاپتا بیٹے فیصل طارق کی بازیابی کی درخواست نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کو تھانے میں گمشدگی رپورٹ درج کرانے اور لاپتا فرد کی بازیابی کے لیے لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ سے رجوع کرنے کاحکم دیا ہے۔ دریں اثنا اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملتان ہائی کورٹ بار کے سابق نائب صدر یافث نوید ہاشمی کی بازیابی کی درخواست پر پولیس کو2 ہفتے میں تحقیقات مکمل کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ وزارت دفاع اور ایف آئی اے کو فریق بنانے کی استدعا منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
نیب کو نوٹس