سرگودھا/ ایبٹ آباد (آن لائن/ اے پی پی) سرگودھا میں خاندانی رنجش 8 جانیں لے گئی، سرگودھا میں گھریلو جھگڑے پر بھائی نے فائرنگ کرکے 3 بھائیوں اور بھابھی سمیت 7 رشتے داروں کو قتل کرکے خود کشی کرلی۔ ایک اور واقعے میں ایبٹ آبادکے علاقے میں جائداد کے تنازع پر بیٹے نے بوڑھے والدین کو قتل کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سرگودھا کے قریب سیال موڑ میں پیش آیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی۔ مرنے والوں میں 3 خواتین اور 5 مرد شامل ہیں۔ تھانہ لکسیاں کے ایس ایچ او قیوم خان کے مطابق ملزم نورالدین نے اپنے 3 بھائیوں اکبر خان، جمال الدین، قلم الدین اور اس کی بیوی شائستہ بی بی سمیت خاندان کی مزید 2 خواتین شاہدہ بی بی زوجہ ابراہیم خان اور رنگ بی بی کو قتل کردیا۔ فائرنگ کے واقعے میں دوران خان نامی شخص بھی شدید زخمی ہوا جو اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہے۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد وزیراعلیٰ اور آئی جی پولیس پنجاب نے بھی رپورٹ طلب کرلی۔ علاوہ ازیں ایبٹ آباد کے علاقے سرکل بکوٹ کی یونین کونسل بوئی کے علاقے ڈنہ رن کوٹ میں الطاف نامی شخص نے اراضی کے تنازع پر فائرنگ کرکے اپنے باپ اقبال اور والدہ سلیم جانہ کو قتل کر دیا۔ واقعے کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ گڑھی حبیب اللہ ارشد خان موقع پر پہنچے اور دونوں کی نعشیں قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلیے اسپتال منتقل کیں۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم الطاف کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کر لیا اور مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔